القاسم کلب کا پہلے کھیلنے کا فیصلہ ، 152 رنزپر اننگز اختتام پذیر ، خان اکیڈمی کے عدیل کی 3 ، شبیر ، حمزہ ، عامر ، شمیر کی ایک ایک وکٹ
ہدف کے تعاقب میں خان اکیڈمی میاں چنوں کی پوری ٹیم 121 کے مجموعے پر ڈھیر ، 31 رنز سے شکست کا سامنا
آج 2 میچز ، پہلا خان سپورٹس ، فرینڈز کلب کے مابین ، دوسرے میں سروہ موٹرآئل ، گڈلک کلب ڈیرہ مدمقابل ہونگے

ملتان (جنرل رپورٹر ، سٹی رپورٹر)قوم میڈیا گروپ کے زیر اہتمام، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان، سائن وے گروپ آف کمپنیز، سلمان فوڈز، پھول واشنگ پاؤڈر، شمع گھی اور کوکنگ آئل مسلم گروپ آف کالجز، انسٹیٹیوٹ آف سدرن پنجاب ، لودھراں پائلٹ پروجیکٹ اور انیس انجینئرنگ سروس کے باہمی اشتراک سے ڈسٹرکٹ سپورٹس گراؤنڈ میں منعقدہ قوم سپر لیگ ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپین شپ (QSL) کے چوتھے روز کھیلے گئے میچ میں القاسم کرکٹ کلب نے شعیب احمد کی شاندار آل راؤنڈر پرفارمنس کے باعث خان کرکٹ اکیڈمی میاں چنوں کے خلاف کامیابی حاصل کر لی القاسم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا القاسم کلب کو جلد ہی پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر بشارت علی چار رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے بعد میں آنے والے بلے باز عرفان خدابخش نے توقیر احمد کے ساتھ مل کر 31 رنز کی پارٹنرشپ بنائی توقیر احمد 13جبکہ عرفان خدابخش 20 رنز کے مجموعے پر آوٹ ہوئے ٹو ڈاؤن آنے والے بیٹسمین شعیب احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31 جبکہ عبداللہ توقیر 20 رنز کا مجموعہ حاصل کر سکے اس طرح القاسم کلب کی اننگز کا احتتام 152 رنز پر ہوا جبکہ اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے خان اکیڈمی میاں چنوں کے عدیل سجاد نے چار اوورز میں 37 رنز دے کر 3 ارباب شبیر امیر حمزہ محمد عامر اور شمیر علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جوابی بیٹنگ کرتے ہوئے خان اکیڈمی میاں چنوں کی ٹیم 18.2 اوورز میں 121 رنز کے مجموعے پر ڈھیر ہو گئی ان کی جانب سے حسین نواز نے پانچ چوکوں کی مدد سے 38 محمد رضوان 20 جبکہ ادریس جٹ 17 رنز کے ساتھ قابل ذکر رہے القاسم کلب کے شعیب احمد نے 1.2 اوورز میں صرف 2 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ بشارت علی اور محمد آصف نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے اس طرح القاسم کلب نے خان اکیڈمی میاں چنوں کے خلاف 31 رنز سے کامیابی اپنے نام کی کیو ایس ایل میں آج مزید 2 میچز کھیلے جائیں گے شیڈول کے مطابق پہلا میچ خان سپورٹس ملتان اور فرینڈز کلب کے مابین جبکہ دوسرا میچ سروہ موٹر آئل اور گڈ لک کلب ڈیرہ غازی خان کے مابین ہوگا۔