کراچی: معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے ایک حالیہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کا نعمان اعجاز سے کوئی ذاتی تنازع نہیں، تاہم وہ اُن سے شدید ناپسندیدگی رکھتے ہیں اور یہ رویہ مستقبل میں بھی تبدیل ہونے والا نہیں۔
خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں اُن کے کئی فنکاروں کے ساتھ اختلافات کھلے عام ہیں، مگر نعمان اعجاز کے معاملے میں بات صرف اختلاف رائے یا معمول کی ناراضی تک محدود نہیں بلکہ ایک گہری ناپسندیدگی موجود ہے جسے وہ چھپانا نہیں چاہتے۔
گفتگو کے دوران انہوں نے ماہرہ خان کے ساتھ اپنے تنازع پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان ایک باصلاحیت فنکارہ ہیں اور ان کے ساتھ ہمیشہ احترام اور دوستی کا رشتہ رہا، لیکن وہ الفاظ جن کا ماہرہ نے ان کے خلاف استعمال کیا تھا، آج بھی ان کے لیے ناقابل قبول ہیں۔
خلیل الرحمٰن قمر نے یہ بھی کہا کہ امید ہے کہ شاید آنے والے وقت میں وہ اُن الفاظ کو معاف کر سکیں، مگر فی الحال ان کے دل میں اس حوالے سے سختی موجود ہے۔
یاد رہے کہ 2020 میں اُس وقت صورتحال کشیدہ ہوئی جب ماہرہ خان نے ایک ٹویٹ میں خلیل الرحمٰن قمر اور ماروی سرمد کے درمیان ہونے والے سخت جملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین کی توہین کے باوجود اُنہیں پروجیکٹس دیے جانے پر تعجب ہے۔






