ملتان ( کورٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ کورٹ ملتان میں ڈسٹرکٹ بار ملتان کے رکن کی سول جج کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی جو ایک تھپڑ پر منتج ہوئی۔ وکیل نے جج کے ناروا سلوک کا الزام عائد کیا ہے۔ عینی شاہدین کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ ذیشان کلاسرا نے عدالت میں سول جج فراز تبسم کو تھپڑ رسید کردیا۔تھپڑ مارنے کے بعد وکیل عدالت سے رفو چکر ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایک کیس میں اکبر نامی سائل اپنے وکیل ذیشان کلاسرا کے ساتھ عدالت میں پیش ہوا مگر اس کا وکالت نامہ عدالت کے ریکارڈ میں موجودنہیں تھا ۔سول جج نے وکیل کو پہلے وکالت نامہ جمع کروا کر بحث کرنے کا حکم دیا ۔وکیل نے آئندہ پیشی پر وکالت نامہ جمع کروانے کا کہا تو فاضل جج نے پوچھا کہ وہ آج کیا کرنے آئے ہیں جس پر دونوں میں توتکار ہوگئی۔تلخ کلامی بڑھنے پر جج کو تھپڑ مارنے کا ناخوشگوار واقعہ سامنے آیا ۔سول جج نے وکیل کے خلاف درخواست لکھ کر سینئر سول جج ایڈمن کو بھجوا دی ہے جنہوں نے ڈسٹرکٹ بار کے صدر کو اس افسوسناک واقعہ کے بارے میں آگاہ کیا اور اس سلسلے میں پنجاب بار کونسل کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔







