آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد میں صوبوں کا کردار اہم، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل کے لیے صوبوں کا تعاون انتہائی قابلِ تعریف ہے۔
گیارہویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے وزرائے اعلیٰ، صوبائی وزرائے خزانہ، سیکرٹریز اور دیگر ارکان کی شرکت پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس نہ صرف آئینی تقاضا ہے بلکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کا اہم موقع بھی ہے۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ این ایف سی کا یہ فورم آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 150 کے تحت قائم ہے اور 10ویں این ایف سی ایوارڈ کی مدت 21 جولائی 2025 کو ختم ہو چکی تھی، اس لیے موجودہ اجلاس کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ذاتی دلچسپی لے کر 11ویں این ایف سی کا اجلاس بروقت بلانے کی ہدایت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں نے بھی اپنی آئینی ذمہ داری نبھانے میں بھرپور سنجیدگی دکھائی، تاہم پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں شدید سیلاب کی وجہ سے اجلاس کو مؤخر کرنا پڑا۔ این ایف سی کے حوالے سے پھیلتی قیاس آرائیوں کا واحد حل شفاف اور کھلے دل سے کیا جانے والا مکالمہ ہے، اور آج ہم اسی جذبے کے ساتھ یہاں موجود ہیں۔
وزیر خزانہ کے مطابق وفاق کی اولین ترجیح صوبوں کے مؤقف کو سننا ہے، جبکہ صوبوں کی جانب سے نیشنل فِسکل پیکٹ پر دستخط کرنا قومی یکجہتی کی مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کے لازمی سرپلسز اور آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد کے سلسلے میں تعاون غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال ملک کو بھارت کی جانب سے خطرات، شدید سیلاب اور متعدد چیلنجز کا سامنا رہا، لیکن ان حالات میں بھی وفاق مضبوطی سے کھڑا رہا۔ یہی وہ تعاون ہے جسے ہم 11ویں این ایف سی ایوارڈ کے عمل کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔ این ایف سی کا کردار مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم، مالی استحکام اور پائیدار معاشی قیام کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی فورم ہمیں بہترین حکومتی دماغوں کو ایک جگہ جمع کرنے، مشترکہ سوچ اپنانے اور قومی مفاد کے لیے مؤثر پالیسی سازی کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے ہفتوں میں تعمیری اور نتیجہ خیز بحث جاری رہے گی اور تمام ارکان مکمل تعاون سے آگے بڑھیں گے۔
اختتام پر وزیر خزانہ نے کہا کہ باہمی اتحاد، احترام اور ہم آہنگی کے ساتھ 11ویں این ایف سی ایوارڈ کو کامیابی سے مکمل کرنا ہماری مشترکہ منزل ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں