بہاولپور،دنیاپور،رحیم یارخان،ساہیوال ،خیرپورسادات (بیورورپورٹ،سپیشل رپورٹر،کرائم رپورٹر،نمائندہ خصوصی، نامہ نگار) جنوبی پنجاب میںمنشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔آپریشن میںمنشیات فروش کامی لنگڑا، کتےوالا، چھوٹو اور چاچڑ ہلاک، 2منشیات فروش زخمی ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق بہاول پورولودھراں میں منشیات فروشوں کیخلاف بڑی کارروائی کی گئی۔دومنشیات فروش مارے گئے۔سی سی ڈی کی فائرنگ کے دوران آئس سپلائر کامران عرف کامی لنگڑاشدید زخمی ہوا اور موقع پر ہلاک ہو گیا۔ فائرنگ کے دوران کانسٹیبل حسین بھی زخمی ہوئے۔ ہلاک ملزم کے قبضے سے کرسٹل آئس اور 30 بور پسٹل برآمد ہوئی پولیس کے مطابق کامران عرف کامی لنگڑا ریکارڈ یافتہ آئس فروش تھا اور فیصل کالونی و ریاض کالونی میں تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو منشیات کی سپلائی کرتا تھا۔اسی طرح لودھراں سی سی ڈی لودھراں کی ٹیم رکن پور موڑ پر مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے موجود تھی کہ تین مسلح افراد موٹر سائیکل پر پولیس کی طرف آ رہے تھے پولیس نے روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے جان سے مارنے کی نیت سے سیدھی فائرنگ کر دی۔ جواب میں پولیس نے کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک منشیات فروش شدید زخمی ہو گیا جو موقع پر ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت محمد اسلم عرف کتے والا ولد شبراتی قوم میواتی شاہ سکنہ شاہدرہ مہاجر کالونی بہاولپور کے طور پر ہوئی ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو منشیات فروشی جیسے سنگین نوعیت کے 8 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا اس کے دو مسلح ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔اسی شب سی سی ڈی سرکل کی دوسری ٹیم ملتان روڈ بائی پاس کونڈی مائنردنیاپور پر مجرمان اشتہاریوں کی تلاش میں موجود تھی کہ دو نامعلوم افراد موٹرسائیکل پر وہاں پہنچے۔ پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائر کھول دیا۔ جوابی فائرنگ کے بعد سرچ کے دوران ایک مسلح ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا۔گرفتار ملزم نے اپنا نام ظفر ولد نور دین میواتی شاہ سکنہ بستی غریب آباد چک 97 ایم، ضلع لودھراں بتایا۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم بھی منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔سی سی ڈی سرکل لودھراں کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے تک آپریشن سخت رکھا جائے گا۔رحیم یارخان میں بھی جوابی فائرنگ میں بدنام زمانہ منشیات فروش ماراگیا۔ پولیس بہودی پورقریشیاں کے نزدیک معمول کی ناکہ بندی پرموجودتھی کہ اسی دوران موٹرسائیکل پرسواردومشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی تو مشکوک موٹرسائیکل سوارناکہ توڑکرفائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرارہوگئے تاہم پولیس کے تعاقب کرنے اورجوابی فائرنگ کے نتیجہ میں موضع کنب چاچڑاں کارہائشی بدنام زمانہ منشیات فروش عابد حسین چاچڑماراگیاجس کے قبضہ سے پولیس نے منشیات کے علاوہ اسلحہ برآمدکرلیا‘ جبکہ ساتھی موٹرسائیکل چھوڑکراندھیرے کافائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرارہوگیا۔مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی۔علاوہ ازیںعلی پورمیں منشیات فروش کامران عرف چھوٹوماراگیا۔سی سی ڈی علی پور اور تھانہ سٹی پولیس علی پور منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کر رہے تھے،خیر پور روڈ پر مشتبہ منشیات فروشوں کی موحودگی اطلاع پر ریڈ کیا،تو منشیات فروشوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی،پولیس نے بھی مورچہ زن ہوکر جوابی فائرنگ کی،فائرنگ کے مبینہ تبادلہ پر منشیات فروش پسپا ہو گئے،پولیس نے پیش قدمی کی تو کھیت سے ایک منشیات فروش کامران عرف چھوٹو کی لاش ملی،جو محلہ فاروقیہ کا رہائشی تھا،جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو چکا تھا،جبکہ دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے،ریسکیو ٹیم نے لاش تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال علی پور پہنچائی،لاش بعد پوسٹمارٹم ضروری قانونی کاروائی کے بعد حوالہ ورثا کر دی گئی۔ساہیوال سے نمائندہ خصوصی کےمطابق ساہیوال پولیس تھانہ اوکانوالہ بنگلہ کی حدود میں پولیس مقابلہ پولیس تھانہ اوکانوالہ بنگلہ کا منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے ریڈ ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ ساتھی ملزم کی فائرنگ سے زخمی منشیات فروش گرفتارکرلیاگیا۔ شناخت حفیظ ولد فرہد بھٹی سکنہ 54/12L کے نام سے ہوئی ملزم کے قبضہ سے1600 گرام سے زائد چرس، پسٹل 30بور برآمدکرلیا۔
مزید پڑھیں: بہاول پور:حکومتی ڈیرے کے اطراف منشیات فروشوں کیخلاف سرچ آپریشن
بہاولپور (کرائم سیل رپورٹ)ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کے خصوصی احکامات پر پنجاب بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کے دوران جہاں متعدد منشیات فروشوں کی گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں، وہیں کئی مقامات پر ڈرگ مافیا کے اپنے ہی ساتھی ایک دوسرے کے”میر جعفر” اور “میر صادق” بننے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق بہاولپور رینج میںکئی منشیات فروش اپنے ہی ساتھیوں کے ہاتھوں ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بڑے ڈرگ ڈیلرز گھروں کو تالے لگا کر دوسرے صوبوں میں روپوش ہو رہے ہیں۔ خوف کی اس لہر نے بہاولپور ضلع کے اندر موجود بڑے نیٹ ورکس کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔گزشتہ رات حکومتی عہدیداروں کے ڈیرے کے اطراف ایلیٹ فورس اور سی سی ڈی کے مشترکہ سرچ آپریشن میں تقریباً 20 مشتبہ گھروں کی تلاشی لی گئی۔ علاقہ مکینوں نے ڈرگ ڈیلرز کے سہولت کاروں کے خلاف بھی فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہےجبکہ سی سی ڈی ذرائع کے مطابق سہولت کاروں کے کوائف بھی تیزی سے اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ کے 72 گھنٹوں میں پنجاب کو منشیات سے پاک کرنے کے اعلان کے بعد بہاولپور میں کارروائیاں فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شہر کے بدنام زمانہ ڈرگ ڈیلرز اسلم کتےوالا لودھراں میں جبکہ کامران لنگڑا اور علی حیدر عرف بابا مختلف کارروائیوں کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ ملزمان منشیات کے ایک سے زائد مقدمات میں چالان یافتہ تھے۔آپریشن شروع ہوتے ہی بہاولپور اور ملحقہ علاقوں میں ڈرگ نیٹ ورکس کے بڑے اڈے قائداعظم کالونی، چھوٹا بندرا، غریب آباد اور عباسیہ ٹاؤن ویران ہو چکے ہیں۔ ہیروئن اور آئس کے عادی افراد منشیات کی تلاش میں گلیوں میں مارے مارے پھر رہے ہیں جبکہ ڈرگ ڈیلرز نے اپنے موبائل فون بھی بند کر دیئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اجی چنڑ اپنے بھائیوں اور ساتھیوں کے ساتھ غائب ہو چکا ہے گھر میں صرف خواتین موجود ہیں قائد اعظم کالونی کا منشیات فروش ایوب بھی غائب ہے۔ ان تمام منشیات فروشوں کے گھروں میں پولیس اور سی سی ڈی متعدد مرتبہ دن میں ریڈ کر رہی ہے۔ اسی طرح فتح بازارکے محمد حسین پر بھی نائن سی کا مقدمہ سی سی ڈی نے درج کروایا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خیرپور ٹامیوالی کے دو بدنام زمانہ ڈیلرز جنید شاہ اور علی شاہ اب تک سی سی ڈی کی گرفت سے دور ہیں، تاہم ان کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں میدان میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جلد گرفتاری کے لیے پر امید ہیں جبکہ بہاولپور کے سماجی، شہری اور عوامی حلقوں نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف منشیات فروشوں ہی نہیں بلکہ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی ہو—وہ لوگ جو ان منشیات فروشوں کی عدالتوں میں ضمانتیں کرواتے ہیں، تھانوں میں مقدمات ختم کرانے کی کوشش کرتے ہیں اور سوشل میڈیا پر پولیس کے خلاف پروپیگنڈا کر کے ڈرگ مافیا کی پشت پناہی کرتے ہیں۔سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن صرف ڈیلرز تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ان عناصر کو بھی قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا جو پسِ پردہ منشیات کے دھندے کو تقویت دیتے ہیں۔مزید پیش رفت کے لیے بہاولپور کرائم سیل کی ٹیم مسلسل الرٹ ہے اور اگلی رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔
صوبہ بھر میں 694 منشیات فروش گرفتار، 688 مقدمات درج
ملتان( قوم نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے صوبہ کو مکمل طور پر ڈرگ فری بنانے کے احکامات کی روشنی میں پنجاب پولیس کے بھرپور اور مسلسل کریک ڈائون جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ 72 گھنٹوں میں صوبہ بھر میں 694 منشیات فروشوں کو گرفتار جبکہ 688 مقدمات درج کیے گئے۔ منشیات فروشوں کے قبضہ سے 907 کلو گرام چرس، 445 کلو گرام آئس، 79 کلو گرام ہیروئن اور 11 کلو گرام افیون برآمد کی گئی ۔







