قانون ٹھاہ! فورتھ شیڈول ڈیلر کی بوگس اسلحہ رسیدیں، غیر قانونی پسٹل، 7 ہزار روپے میں جائز

بہاولپور (کرائم سیل ) ا سلحہ لائسنسنگ کے حساس اور انتہائی اہم شعبے میں سنگین بے ضابطگیوں اور قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا انکشاف ہوا ہے۔ فورتھ شیڈول کا بیک گراؤنڈ رکھنے والے اسلحہ ڈیلر نے ایم ایس جمیل اینڈ کمپنی کی ڈیلر شپ لے کر غیر قانونی طور پر بوگس اسلحہ رسیدیں جاری کرنا شروع کر دی ہیں۔روزنامہ قوم نے اس فراڈ کے ناقابلِ تردید شواہد حاصل کر لیے ہیں۔بوگس رسیدوں کا مکروہ کاروبار ،غیرقانونی پسٹل صرف 7000روپے میں جائز! باوثوق ذرائع کے مطابق لاہور سے جاری ہونے والے ایک ڈیمانڈ نوٹس جسکا ٹریکنگ آئی ڈی نمبر 1040311011029پر ایک ایسے غیر قانونی اور ناقابلِ دستاویز USSR ساختہ مائیکرو رُوف پسٹل کو صرف چند ہزار روپے لے کر ’’جائز‘‘ بنا دیا گیا جس کی کوئی ریکارڈڈ خرید موجود ہی نہیں تھی۔یہ عمل نہ صرف قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ ناقابلِ ضمانت جرم کے زمرے میں آتا ہے۔فور تھ شیڈول میں آنے والا ڈیلر پہلے ہی پولیس، سپیشل برانچ اور حساس اداروں کی سخت نگرانی کے تحت ہوتا ہے۔ اس کے باوجود اس طرح کی جھوٹی رسیدیں جاری کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پورے نظام کے لیے سوالیہ نشان بن چکا ہے۔اسلحہ قوانین 2015 کے تحت جعلی رسید جاری کرنا، غیرقانونی اسلحہ کو جائز ظاہر کرنا اور اس کی دستاویزات میں جعلسازی کرناغیرقانونی اسلحہ رکھنے کے برابر جرم ہے۔سخت قید، بھاری جرمانہ اور ڈیلرشپ کی فوری منسوخی لازم ہے۔متعلقہ اداروں کا فرض ہے کہ ایسی جعلسازی پر فوری FIR، ڈیلرشپ سیل، اور ریکارڈ کی فرانزک انکوائری کی جائے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق اسلحہ کی فہرست میں شامل جعلی اندراج ملکی سیکیورٹی کے لیے براہِ راست خطرہ ہے۔ ایسے ہتھیار آسانی سے جرائم پیشہ عناصر کے ہاتھوں میں جا سکتے ہیں۔ریاستی قوانین کے مطابق اس قسم کا جرم تخریب کاری، دہشت گردی اور منظم جرائم کی معاونت کے زمرے میں آتا ہے۔روزنامہ قوم کی جانب سے حاصل کردہ دستاویزات اور شواہد میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ:ڈیلر نے اصل سیریل نمبر کے بغیر موجود اسلحہ پر جعلی رسید جاری کی اس رسید میں غلط تاریخ، جعلی انٹری اور غلط ڈیلر اسٹیمپ استعمال ہوئی،ریکارڈ میں شامل” دکھانے کے لیے بوگس لیجر انٹری بھی کی گئی جس سے ریاستی اداروں کے پورے اسلحہ ریکارڈ سسٹم کو دھچکا لگا ہے۔شہری حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے کہ اگر فور شیڈول کے حساس ترین ڈیلر بھی جعلی رسیدوں اور بوگس دستاویزات بنانے لگیں تو ملک میں جرائم کی روک تھام اور اسلحہ کنٹرول ناممکن ہو جائے گا۔عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار ڈیلر کے خلاف فوری مقدمہ درج کیا جائے ڈیلرشپ منسوخ کی جائے پورے نیٹ ورک کا آڈٹ کیا جائے تمام بوگس اسلحہ رسیدوں کی ری انویسٹیگیشن کی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں