عدم پیروی پر خارج ہونے والی عمران خان کی درخواست دوبارہ سماعت کے لیے منظور

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کی گئی سابق وزیراعظم عمران خان کی پٹیشن کو دوبارہ بحال کرتے ہوئے اسے ایک بار پھر سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے خلاف مختلف مقدمات کو یکجا کرنے کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے پٹیشن بحال کر دی۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی ہے کہ یہ درخواست 25 نومبر کو سماعت کے لیے شامل کی جائے۔
واضح رہے کہ اس پٹیشن کو قبل ازیں عدم پیروی کی وجہ سے مسترد کر دیا گیا تھا۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے وکیل انتظار پنجوتھا سے استفسار کیا کہ عدالت کے بارے میں منفی ریمارکس کیوں دیے گئے؟ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر غلط بات کہی گئی ہے تو اس کا اعتراف کرنا چاہیے۔ اس دوران عدالت نے انتظار پنجوتھا کو روسٹرم سے ہٹنے کی ہدایت بھی کی۔
بعد ازاں عدالت نے سردار لطیف کھوسہ کو روسٹرم پر طلب کیا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالت ہر کیس کے ساتھ دیانت داری سے پیش آتی ہے، عدالت نے کبھی کسی کیس پر کوئی پابندی یا فلٹر نہیں لگایا۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ عدالت نے اس روز بھی کام کیا جب وکلا ہڑتال پر تھے۔
سردار لطیف کھوسہ نے اپنے دلائل میں بتایا کہ انہیں پیشی کی اطلاع نہیں ملی تھی، اسی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال بھی عدلیہ کے احترام کے لیے کی جاتی ہے، جبکہ انتظار پنجوتھا نے عدالت سے معذرت بھی کی ہے۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم کے سامنے دلائل سننے کے بعد سرکاری وکیل نے ابتدائی طور پر عمران خان کے خلاف درج 107 مقدمات کی تفصیلات پیش کیں۔
یاد رہے کہ عمران خان نے تمام مقدمات کی کارروائی کو یکجا کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں