اسلام آباد: پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی نمایاں برتری کے بعد وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تمام کامیاب امیدواروں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیر اعظم نے ان امیدواروں کی کامیابی کو سراہتے ہوئے خصوصی پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے ن لیگ کے فاتح امیدواروں کی محنت، عزم اور عوامی حمایت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے این اے 185 ڈیرہ غازی خان سے سردار محمود قادر خان لغاری، پی پی 203 ساہیوال سے چوہدری حنیف جٹ، پی پی 87 میانوالی سے علی حیدر نور نیازی، پی پی 116 فیصل آباد سے احمد شہریار، پی پی 115 فیصل آباد سے محمد طاہر پرویز، این اے 104 فیصل آباد سے دانیال احمد اور پی پی 98 فیصل آباد سے آزاد علی تبسم کو کامیابی پر مبارکباد دی۔
اسی طرح، این اے 18 ہری پور سے بابر نواز خان، این اے 96 سے محمد بلال بدر اور پی پی 73 سرگودھا سے میاں سلطان علی رانجھا کی جیت پر بھی وزیر اعظم نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی یہ مجموعی کامیابی قائد محمد نواز شریف کی بصیرت، ان کی مؤثر قیادت اور پارٹی ورکرز کی انتھک محنت کا ثمر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جیت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی عوامی خدمت، ترقیاتی اقدامات اور صوبے میں عملی کارکردگی پر عوام کے مضبوط اعتماد کا ثبوت ہے۔
وزیر اعظم کے مطابق این اے 185 میں ن لیگ کی جیت نہ صرف عوامی توقعات کی ترجمانی کرتی ہے بلکہ یہ حکومت کی مجموعی کارکردگی پر عوام کے اطمینان کی بھی عکاسی کرتی ہے۔







