ملتان (وقائع نگار) بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے طالب علم نے ہاسٹل کے کمرے میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی تفصیل کے مطابق بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ نفسیات (سائیکالوجی) کے طالب علم محمد ریاض نے گزشتہ شب ابوبکر ہاسٹل کے کمرہ نمبر 6-بی میں پنکھے سے لٹکر اپنی زندگی ختم کر لی۔مرحوم محمد ریاض بلوچستان کے ضلع آواران کے رہنے والے تھے اور بی ایس سائیکالوجی کے تھرڈ سمسٹر میں زیر تعلیم تھے۔ ہاسٹل انتظامیہ کے مطابق شام سات بجے کے قریب روم میٹ نے دروازہ کھٹکھٹایا تو کوئی جواب نہ ملا، جس پر دروازہ توڑ کر داخل ہوئے تو محمد ریاض پنکھے سے لٹکا ہوا پایا گیا۔ہاسٹل وارڈن اور یونیورسٹی سیکیورٹی کو فوراً آگاہ کیا گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش اتاری اور فوری طور پر نشتر ہسپتال ملتان کے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی ابتدائی تفتیش کے مطابق کمرے سے کوئی خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا۔ تاہم روم میٹ اور ڈیپارٹمنٹ کے اساتذہ نے بتایا کہ محمد ریاض کافی دنوں سے ڈیپریشن کا شکار تھا اس کی کسی بات پر اس کے والد سے جھگڑا ہو گیا تھا جس وجہ سے گزشتہ چند دنوں سے محمد ریاض خاموش اور پریشان نظر آ رہے تھے، اور اکثر اکیلے بیٹھ کر سوچ میں ڈوبے رہتے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امتحانات اور گھر کی مالی مشکلات کا دباؤ ان پر بظاہر تھا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو 72 گھنٹوں میں رپورٹ جمع کرائے گی۔ ترجمان یونیورسٹی نے بتایا کہ طالب علموں کی نفسیاتی صحت کے لیے کونسلنگ سینٹر فعال ہے، مگر طالب علموں کی طرف سے رجوع کی شرح انتہائی کم ہے یہ رواں تعلیمی سال بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں طالب علموں کی خودکشی کا دوسرا افسوسناک واقعہ ہے۔ ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ تعلیمی دباؤ، مالی مسائل اور گھر سے دوری نوجوانوں میں ڈپریشن کی بڑی وجوہات بن رہے ہیں۔







