مہمان خصوصی کاشف نیازی ، ارسلان خان، منظر علی شاہ، فاروق لطیف ، میاں جاوید قریشی ، محمد جمیل کامران ، امجد رزاق بھٹہ، سہیل خان ، نور خان قیصرانی اور گلزار پاشا نے ایونٹ کا افتتاح کیا
افتتاحی میچ دیکھنے کیلئےڈسٹرکٹ سپورٹس گرائونڈملتان میں بڑی تعداد میں شائقین امڈآئے ،چوکوں،چھکوں ، کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے پرحامیوں نے بھرپور حوصلہ افزائی کی، گراؤنڈ تالیوں سے گونجتا رہا
پہلےمیچ میں مظفرگڑھ کرکٹ اکیڈمی نےفرینڈز کلب کو 22 رنز سے شکست دے دی، عمران علی مین آف دی میچ ، پروفیسر ندیم اقبال اور محمد آصف امپائر، نعمان علی کمنٹیٹر، یوسف اکرم سکورر ، منظور لطیفی میچ ریفری تھے
ملتان میں پی ایس ایل طرز پر پہلی بار ایونٹ کا انعقاد خوش آئند ، کرکٹ کو فروغ ملے گا:شائقین، چیف ایڈیٹر ’’قوم‘‘ میاں غفار احمد ، منیجنگ ایڈیٹر نعیم احمدشیخ اورآرگنائزنگ ٹیم کو مبارکباد پیش

ملتان(رپورٹ و اہتمام:شاہد صدیق، یعقوب سید) قوم سپر لیگ ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئن شپ (QSL) کا ڈسٹرکٹ سپورٹس گرائونڈمیںشاندار، یادگار اور نگارنگ افتتاح ہو گیا، مہمان خصوصی ایم ڈی سائن وے گروپ آف کمپنیز کاشف نیازی ،سابق صدر ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن ملتان ارسلان خان، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان منظر علی شاہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فاروق لطیف ، صدر ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن میاں جاوید قریشی ،سابق ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد جمیل کامران ،سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن ملتان امجد رزاق بھٹہ، سہیل خان ،سپورٹس آفیسر نور خان قیصرانی اور گلزار پاشا نے غباروں کو ہوا میں چھوڑ کر ایونٹ کا افتتاح کیا، افتتاحی میچ کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین گراؤنڈ میں موجود تھے۔ افتتاحی میچ میں کھلاڑیوں کے چوکے چھکے اور مخالف ٹیم کی طرف سے کھلاڑیوں کے آؤٹ کرنے پر کرکٹ ٹیموں کے حامی شائقین نے بھرپور حوصلہ افزائی کی اور ان کی بہترین پرفارمنس پر گراؤنڈ تالیوں سے گونجتا رہا۔افتتاحی میچ میں مظفرگڑھ کرکٹ اکیڈمی نے کانٹے دار مقابلے میں فرینڈز کلب کو 22 رنز سے شکست دے دی۔ فرینڈز کلب کے کپتان رانا شہزاد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جبکہ مظفرگڑھ کرکٹ اکیڈمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے جس میں عمران علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکوں کی مدد سے شاندار 65 ،زین العابدین نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کے ساتھ 53 جبکہ نوید نے 38 رنز بنائے، فرینڈز کلب کی جانب سے علی حیدر نے 24 رنز دے کر
2، ساجد حسین اور رانا شہزاد نے ایک ایک وکٹ لے کر کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ٹارگٹ کے تعاقب میں فرینڈز کلب نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے جس میں چمن خان نے 59 بنائے جس میں 4 چھکے شامل تھے جبکہ ساجد حسین نے 50 رنز کے ساتھ بہترین اننگز کھیلی۔

مظفرگڑھ اکیڈمی کے محمد نوید نے بہترین بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 اور بابر علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔فاتح مظفرگڑھ اکیڈمی کو 65 رنز بنا کر فتح دلانے والے بلے باز عمران علی کو شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔میچ کے اختتام پر مظفرگڑھ اکیڈمی کے حامی شائقین نے شاندار جیت پر بھنگڑے ڈالے اور کھلاڑیوں کو کندھوں پر اٹھا لیا ۔ہر چہرہ خوشی سے کھل اٹھا۔کرکٹ شائقین نے ایک یادگار اور ٹیلنٹ سے بھرپور ایونٹ کا انعقاد کروانے پر چیف ایڈیٹر روزنامہ ’’قوم‘‘میاں غفار احمد، منیجنگ ایڈیٹر نعیم احمدشیخ اور روزنامہ قوم کی آرگنائزنگ ٹیم کو مبارکباد پیش کی جن کا کہنا تھا کہ ملتان میں پی ایس ایل طرز پر پہلی بار ایونٹ کا انعقاد خوش آئند ہے جونہ صرف اپنی نوعیت کا منفرد اور یادگار ہے بلکہ اس سے کرکٹ کو فروغ ملے گا اور کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کے بھرپور مواقع ملیں گے۔ کیو ایس ایل میں ریجن بھر سے 12 فرنچائز ٹیمیں شامل ہیں جنہیں چار پول میں تقسیم کیا گیا ہے ایونٹ کا سیمی فائنل راؤنڈ 9 نومبر جبکہ فائنل میچ 10 نومبر کو کھیلا جائے گا ۔افتتاحی میچ میں امپائرنگ کے فرائض پروفیسر ندیم اقبال اور محمد آصف نے ادا کئے۔ نعمان علی کمنٹیٹر، یوسف اکرم سکورر جبکہ منظور لطیفی میچ ریفری تھے۔