آج کی تاریخ

کرکٹ ورلڈ کپ:ملتان جوئے کا میدان ،روز کروڑوں کے داو ،دبئی انڈیا سے ڈائریکٹ لائنیں

بعض تھانیداروں نے بھی اپنی بکیں بنا رکھی ہیں ، آن لائن ایپس سے جواریوں کو نت نئی سہولیات فراہم ،آج پاک بھارت میچ پرجوئے،رنگین محفلوں کی تیاری

چونگی نمبر14کاطاہرڈوگرشہرکاسب سے بڑابکی، ایوب اور شان بھی دبئی تک دھندہ کررہے،قدیرآبادکانثار،نوب پورروڈکاعامر،زکریاٹائون کاراناناصرشامل

گلگشت کےمحسن،حمزہ،یاسر،نعمان ،شکیل ٹکی،نکی بلوچ، کامران بشیر،سوتری وٹ کانوازعرف نوازی ،سورج میانی کاپرویز،عرفان شاہ سمیت دیگرکھل کھیلنےمیں مصرو ف

ملتان (شعیب افتخار سے) ملتان شہر و گردونواح میں کرکٹ ورلڈ کپ کے آغاز کے ساتھ ہی میچ بکیوں کی موجیں لگی ہوئی ہیں۔روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں روپے کا جوا پولیس کی آشیرباد سے کھیلا جارہا ہے، بعض پولیس کے تھانیداروں نے بھی اپنی بکیں بنا رکھی ہیں اور آجکل وہ کروڑوں میں کھیل رہے ہیں۔ آن لائن اپلیکیشنز نے جواریوں کو نت نئی سہولیات فراہم کرکے قانون نافذ کرنے والوں کے مزید ہاتھ باندھ د یئے ہیں، آج پاک بھارت ٹاکرے کے دوران بھی ملتان شہر بھر میں بڑے پیمانے پر جوا کھیلا جانا ہے جبکہ مشہور ہوٹلز میں ایڈوانس کمروں کی بکنگ کی جاچکی ہیں جہاں دوران کرکٹ میچ رنگین محفلوں کے ساتھ ساتھ جوئے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، ذرائع سے معلوم ہوا ہے شہر بھر میں کرکٹ ورلڈ کپ کے آغاز پر جواریوں کا دھندہ عروج پر پہنچ چکا ہے جبکہ متعدد شہری لٹ چکے بعض نےلٹنے کی تیاری پکڑلی ہے۔ ملتان میں سب سے بڑا بک میکر جس کی دبئی اور انڈیا تک ڈائریکٹ لائنیں ہیں چونگی نمبر 14کا طاہر ڈوگر ہےجو جوئے کے مال سے کروڑوں پتی بن چکا ہے اور آجکل اسکی پانچوں انگلیاںگھی اور سر کڑاہی میں ہے۔ ایوب اور شان بھی دبئی تک دھندہ کررہے ہیں دیگر میں قدیر آباد کا نثار عرف نثاری، نواب پور روڈ کا عامر عرف عمری، زکریا ٹائون کا رانا ناصر، گلگشت کے محسن نواز، حمزہ، یاسر اور نعمان موبائل والا اسی طرح شکیل ٹکی، نکی بلوچ، کامران بشیر، سوتری وٹ کا نواز عرف نوازی جسکا نیٹ ورک تو ملتان میں ہے لیکن خود مری کے عالیشان ہوٹل میں بیٹھ کر ڈیل کرتا ہے، سورج میانی کا پرویز عرف پیجا گجر، عرفان شاہ، سدوحسام کا وسیم، چاہ بوہڑ والا میں علی، سورج کنڈ روڈ کا ساغر، نواں شہر کا اسماعیل، چونگی نمبر 22 کا کامران، سیوڑہ چوک کا علی بٹ و دیگر شہریوں کو میچ بک کی آڑ میں لوٹنے میں مصروف ہیں ۔باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ملتان پولیس سے تعلق رکھنے والے چند تھانیدار بھی میچ بک کے دھندے میں ملوث ہیں اور دنوں دنوں میں ککھ پتی سے کروڑ پتی کا سفر کرچکے ہیں۔ شہر بھر میں کسی بھی میچ بکیے پر ہاتھ ڈالا جائے تو یہی تھانیدار سفارشی ہوتے ہیں، میچ جوا موبائل اپلیکیشنز کے ذریعے جبکہ رقم کی منتقلی بھی مختلف بینکنگ ایپلیکیشنز کے ذریعے ہی کی جارہی ہیں، ملتان میں تعینات بعض ایس ایچ اوز کی ماہانہ منتھلیاں بھی طے ہیں جس کے باعث کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں