آج کی تاریخ

اوچ شریف: انتظامیہ کی مجرمانہ چشم پوشی سے جعلی پٹرول و ڈیزل مافیا کی جڑیں مضبوط

اوچ شریف(جنرل رپورٹر) جعلی پٹرول و ڈیزل مافیا کا دھندہ عروج پرہے ، ضلع بہاول پور سمیت دیگر ملحقہ اضلاع کے علاقوں میں سپلائی کیا جارہا ہے ، دو نمبر مافیا سالوینٹ کے ساتھ چوری شدہ تیل کے دھندے میں جڑیں مضبوط کرنے لگا ، پٹرول و ڈیزل صارفین کی کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیوں کے انجن ناکارہ ہونے لگے۔ ضلع بہاول پور کے دیہی علاقوں اور دیگر نواحی اضلاع میں جعلی پٹرول اور ڈیزل مافیا کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا ہے آئل مافیا عرصہ دراز سے مقامی انتظامیہ کے چند کرپٹ اہلکاروں کی ملی بھگت سے منی آئل ٹینکروں کے ذریعے سالوینٹ کو پٹرول کا رنگ دے کر پٹرول بنا کر دیہی علاقوں میں سپلائی کرنے کا مکروہ دھندہ کرنے میں مصروف ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ اکثر جعلی پٹرول اور ڈیزل کا دھندہ کرنے والے ریکارڈ یافتہ ہونے کے باوجود چمک کے زور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے اوجھل دھڑلے سے غیر قانونی کاروبار کرنے میں مصروف ہیں چند ماہ قبل یکے بعد دیگرے دو مرتبہ کسٹم حکام نے مقامی پولیس و سول انتظامیہ کے ہمراہ قوی شاہراہِ پر رشید اعوان کے پٹرول پمپ پر چھاپہ مار کر ہزاروں لیٹر سالوینٹ جو کہ پٹرول پمپ کے عقب میں موجود بڑے بڑے ٹینکروں میں چھپایا ہوا تھا برآمد کر کے قبضے میں لے لیا لیکن رشید اعوان اثر رسوخ استعمال کر کے گرفتاری سے بچ گیا اور کچھ عرصہ خاموش رہنے کے بعد دوبارہ دھندہ دھڑلے سے جاری ہے۔ اس بارے رشید اعوان نے اپنے مؤقف میں صحافیوں کو بتایا کہ کوئی دو نمبر دھندہ نہیں ہے۔ سالوینٹ استعمال کرنے سے کوئی نقصان نہیں ہوتا اور نہ ہی ایوریج پر فرق پڑتا ہے بس منافع تھوڑا زیادہ ملتا ہے جس میں سے سبھی کو راضی رکھتے ہیں تو ہی کام چلتا ہے ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں