اسلام آباد پولیس کی ایک حیران کن کارروائی سامنے آئی ہے، جہاں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آزادی مارچ کیس میں بری کیے جانے کے باوجود ان کے خلاف دوبارہ چالان عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان کے ٹرائل کے لیے کارروائی کا آغاز بھی کردیا، تاہم پی ٹی آئی کے وکلا نے عدالت کو یاد دلایا کہ بانی پی ٹی آئی کو اس مقدمے میں پہلے ہی بری قرار دیا جاچکا ہے۔
وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ 27 فروری 2024ء کو جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کو مقدمہ نمبر 627 (تھانہ ترنول) میں باعزت بری کر دیا تھا، لہٰذا اس فیصلے کے بعد دوبارہ کارروائی قانون کے منافی ہے۔ پولیس کی جانب سے اسی مقدمے (نمبر 627، تھانہ ترنول) میں ایک بار پھر چالان جمع کرانے پر قانونی ماہرین نے بھی سوالات اٹھا دیے ہیں، اور اسے “انتظامی غفلت یا دانستہ غلطی” قرار دیا جا رہا ہے۔







