آج کی تاریخ

ڈانسنگ کوئین ہنی ٹریپ گینگ، پولیس پیٹی بھائی کو بچانے کیلئے سرگرم، رضا کار بھی منظر سے غائب

بہاولپور (نمائندہ خصوصی) ڈانسنگ کوئن ہنی ٹریپ گینگ کی سرغنہ انعم، اس کے قریبی عزیز فہد گل اور تھانہ صدر کے سابق سب انسپکٹر ریحان ندیم کے بارے میں مزید سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں ان کے مطابق ایس ایچ او صدر عابد حمید مبینہ طور پر اپنے پیٹی بھائی ریحان ندیم اور ہنی ٹریپ گینگ کو بچانے کے لیے سرگرم دکھائی دیتے ہیں اور پرائیویٹ رضاکار اعظم اور طارق کو پولیس افسران نے منظر عام سے غائب کر دیا ۔ متاثرہ شہری محمد وسیم خان پٹھان کے مطابق تھانہ بغدادالجدید میں فہد گل نے انعم کی مدعیت میں عارف ڈھڈی کے خلاف مقدمہ نمبر 968/25 بجرم 376 اعظم اور طارق کی مدد سے درج کروایا اور بعدازاں 15 نومبر 2023 کو پیسے لے کر صلح کی جس کا ریکارڈ ڈی پی او بہاولپور کے دفتر میں موجود ہے۔بعد ازاں تھانہ صدر میں مقدمہ نمبر 1562/25 درج کیا گیا، جس میں انعم نے موقف اختیار کیا کہ وہ اپنی بہن اور ڈرائیور کے ساتھ شادی کے فنکشن سے واپس آ رہی تھی کہ دو ملزمان نے انہیں سول ہسپتال کے قریب روک کر تشدد کا نشانہ بنایا اور رقم چھین لی۔ تاہم ذرائع کے مطابق انعم کا بیان مشکوک ہے کیونکہ واپسی کا سیدھا راستہ ڈیرہ بکھا سے بغداد یونیورسٹی تک تھا، لیکن اس نے بائی پاس سے گزرنے کا غیر معمولی راستہ اختیار کیا تاکہ وقوعہ تھانہ صدر کی حدود میں لایا جا سکے اور ریحان ندیم کو تفتیش مل سکے۔چھ دن بعد انعم نے ایک اور مقدمہ نمبر 1601/25 (جرم: 376، 511، 292) درج کروایا، جس میں اس نے متعدد افراد پر زیادتی کی کوشش اور ویڈیو بنانے کا الزام لگایا۔ مگر متاثرہ وسیم خان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ فرضی ہے، کیونکہ نہ تاریخ درج ہے، نہ فنکشن کا مقام، اور نہ پروموٹر یا میزبان کا ذکر موجود ہے۔ڈی پی او بہاولپور کے نوٹس پر ریحان ندیم کو لائن حاضر کر کے چارج شیٹ کر دیا گیا۔ تھانہ ذرائع کے مطابق تفتیشی افسر مقرر کرنے میں بھی ہچکچاہٹ دیکھی گئی، تاہم ایس ایچ او عابد حمید کی یقین دہانی پر حاجی ارشد نے تفتیش شروع کی۔ وسیم خان نے نئے تفتیشی سے مطالبہ کیا ہے کہ مدعیہ کو وقوعہ ثابت کرنے کی ہدایت دی جائے،کہ وہ کس کے شادی کے فنکشن پر گئی تھی ،کون سا پرموٹر لے کر گیا اور اس کے ساتھ کون کون تھے کیونکہ کئی سال بعد بھی شادی کے فنکشن کی ویڈیوز موجود ہوتی ہیں کیونکہ وقوع کی تاریخ بھی درج نہ ہے ،سابقہ تفتیشی ریحان ندیم اور ایس ایچ او کی سہولت کاری سے مقدمہ درج تو ہوگیا مگر وقوعہ کو ثابت کرنا مدعیہ کے لیے ضروری ہے بصورت دیگر مقدمہ جھوٹا تصور کیا جائے اور خارج کیا جائے۔وسیم خان کے مطابق ریحان ندیم، اعظم اور طارق کی سرپرستی میں انعم، اس کی بہن خوشی، والدہ اور فہد گل شہریوں پر ہنی ٹریپ کے جھوٹے مقدمات درج کروا کر پیسے بٹورتے ہیں اور بعد میں صلح کر لیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے واضح احکامات کے باوجود، ڈی پی او بہاولپور کی چھٹی کے دوران عملہ ریحان ندیم کو بچانے میں سرگرم ہے۔وسیم خان نے یہ بھی بتایا کہ انعم نے ایک معروف فوڈ کیفے کے مالک عبداللہ (ٹی اسٹال والے) کے بیٹے رضوان عبداللہ سے دوستی کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے وصول کیے۔ اسی طرح ایک سیاسی کارکن کے ڈیرے پر فہد گل، اعظم اور طارق نے درجنوں لوگوں کی موجودگی میں ایک لاکھ پچیس ہزار روپے وصول کیے اور وعدہ کیا کہ اب مزید ہراسانی نہیں کی جائے گی، مگر انعم مبینہ طور پر اب بھی متاثرہ خاندان کو پریشان کر رہی ہے۔مزید انکشاف ہوا ہے کہ ریحان ندیم نے ماضی میں چوکی لاری اڈا پر تعیناتی کے دوران بھی جادو بلوچ نامی شخص کے ساتھ مل کراس کی بیوی کی مدعیت میں اسی نوعیت کے جھوٹے مقدمات درج کروائے، جس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب،آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او بہاولپور سے ہنی ٹریپ گینگ اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف صاف اور شفاف انکوائری کا مطالبہ کر دیا جبکہ متاثرین کے مطابق آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او بہاولپور نے انصاف کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں