ملتان(واثق رئوف)جنرل منیجرنیشنل ہائی ویز ساؤتھ پنجاب کی پرکشش سیٹ 3ہفتےسےبھی زائدعرصہ سےخالی تعیناتی کے لئے7 امیدوار میدان میں آگئے۔وفاقی وزرات مواصلات 27روز سے زائد گزر جانے کے باوجود جنرل منیجر پنجاب سائوتھ کی تعیناتی کا فیصلہ نہیں کر سکی۔کوئی امیدوار چیئرمین کوتوکوئی ممبر کوپسندنہیں جی ایم پنجاب سائوتھ کی اہم پوسٹ خالی ہونے کی وجہ سے اتھارٹی کے امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے اہم نوعیت کی متعدد رپورٹس،لیگل معاملات،ضروری مینٹینس ورک کی ادائیگیوں سمیت مختلف امور مسلسل التواء کا شکار ہیں۔ دوسری جانب7امیدواروں کے درمیان جی ایم کی سیٹ پر تعیناتی کے لئے سیاسی ،سماجی تمام تر ذرائع استعمال کئےجارہے ہیں جبکہ جی ایم کے لئے چیئرمین این ایچ کی طرف سے سفارشیوں کو نظر انداز کرکے من مرضی کی تعیناتی کرنے کی افواہ بھی گرم ہے۔تفصیل کے مطابق رواں ماہ 28ستمبرکو جی ایم پنجاب سائوتھ علی رضامدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائرڈ ہوگئے تھے۔اتھارٹی کی سابقہ روایات کے مطابق کسی بھی آفسر کی ریٹائرمنٹ سے چند روزقبل یا ریٹائرمنٹ کے فوری بعد نئے افسر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیاجاتا تھاخاص کر جنرل منیجر مینٹینس ساؤتھ پنجاب جو پورےپاکستان میں این ایچ اے کا سب سے بڑا اور اہم ریجن ہے کی پوسٹ کو ایک دن کے لئے بھی خالی نہیں رہنے دیاجاتا تھا تاہم اس مرتبہ ایسا نہیں ہوسکا۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق جی ایم کی ریٹائرمنٹ سے ایک ماہ قبل ہی متعدد افسران بطور جی ایم پنجاب سائوتھ تعیناتی کے لئے سرگرم ہوگئے تھےجس کے لئے مذکورہ افسران نہ صرف سیاسی اثر رسوخ استعمال کر رہے ہیں بلکہ محکمہ کے اندر اہم پوسٹوں پر تعینات اور چیئرمین این ایچ اے کے قریب سمجھے جانے والےاپنے ہم خیال آفسرز،کنٹریکٹرز کے ذریعے بھی اپنی تعیناتی کی راہ ہموار کرنے کے لئے سرگرم عمل ہیں جی ایم کی تعیناتی کی اس کشتی کے باعث مذکورہ پوسٹ پر27روز سے زائد گزر جانے کے باوجود چیئرمین این ایچ اےکی طرف سے کسی کی تعیناتی کا فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔ذرائع کے مطابق گریڈ18کےآفیسرمحمدعمران جو کہ پہلے ہی گریڈ19کی سیٹ پر ڈائریکٹر سنٹرل زون تعینات ہیں کےبارےمیںبتایاجاتاہےکہ ہیڈ کوارٹر میں انکی مضبوط لابی موجود ہے ان کی گریڈ19کی ڈی پی سی کلیئر نہیں ہو سکی۔اس وقت وہ سب سے مضبوط امیدوار ہیں تاہم چیئرمین این ایچ اے ان کے حق میں نہیں۔گریڈ20کے آفیسر طارق موسیٰ میمن حال تعینات جی ایم کیریک ٹرینچ ٹو راجن پور کشمور کو بھی مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے۔ایک اوراہم امیدوارگریڈ19ٹائم گریڈ20کےآفیسرخاور وقار ہیں جو اس وقت ملتان سکھر موٹروے کے بھونگ جبکہ ملتان فیصل آباد کےٹاٹے پورانٹرچینج پر بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔این ایچ اے میں اثر رسوخ رکھنے والے کنٹریکٹر عامر قریشی گریڈ19کےجزوی آفیسر منیروڑائچ جن کی گریڈ19کی ڈی پی سی تو کلیئر ہوگئی ہےتاہم نوٹیفکیشن ہوناباقی ہے۔مذکورہ آفیسر کوانہوں نےتین سال قبل اپنے گلگت شندور پراجیکٹ پر جی ایم تعینات کروایا تھاانہیں وہاں سے تبادلہ کروا کر جی ایم ملتان سکھر موٹروے(ایم5)لگوانا چاہتے ہیں اور جی ایم5 کاشف نواز کو جی ایم ساؤتھ پنجاب تعینات کروانے کے خواہشمند ہیں۔تاکہ چند ماہ بعد جیسے ہی ان کاکیریک پراجیکٹ کاوہ سیکشن جس کا ٹھیکہ انہوں نے حاصل کیا ہے کام شروع ہو تو وہ منیر وڑائچ کا وہاں بطور جی ایم تبادلہ کروا لیں۔اس مقصد کے حصول کےلئے بھی زبردست لابینگ کی جارہی ہے۔کراچی میں ڈائریکٹر مینٹینس کی سیٹ پر تعینات گریڈ19کے آفیسر قدوس شیخ بھی جی ایم ساؤتھ پنجاب کی پرکشش سیٹ پر تعیناتی کے خواہشمند بتائے جاتے ہیں۔اسطرح گریڈ19ملتان لودھراں پراجیکٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ظفرچانڈیو جن کی ریٹائرمنٹ میں7ماہ سےکم عرصہ رہ گیا ہے۔اور ان کے پاس ساؤتھ پنجاب میں ڈائریکٹر سمیت مختلف عہدوں پر کام کرنے کا ماضی کا وسیع تجربہ بھی ہے ریٹائرمنٹ سے قبل جی ایم تعیناتی کے خواہشمند ہیں تاہم ممبر سنٹرل زون افتخار ساجد ان کی تعیناتی کے حق میں نہیں ایک اور گریڈ18کے امیدوار مجاہد رضاکالرو جو پہلے ہی گریڈ19کی سیٹ پرڈائریکٹر مینٹینس ساؤتھ پنجاب فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔اتھارٹی میں جن کی بابت مشہور ہے کہ اپنی جائز ناجائز تعیناتی کے لئے ملتان کےگیلانی خاندان کا خوب استعمال کرتے ہیں بھی جی ایم تعیناتی کی دوڑ میں شامل ہیں تاہم بتایا جاتا ہے کہ چیئرمین این ایچ اے انکی کارکردگی سے سخت نالاں ہیں انکی ڈائریکٹر مینٹینس کی موجودہ سیٹ بھی گیلانی خاندان کی مرہون منت ہے چیئرمین این ایچ اے انہیں یہاں سے تبادلہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ جی ایم نہ ہونے کی وجہ سے اینایچ اے کا سب سے بڑا ریجن جنوبی پنجاب اس وقت عضو معطل بن کر رہ گیا ہے این ایچ اے کے بعض ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان اس وقت جی ایم تعیناتی کے خواہشمند تمام افسران کے اثر رسوخ کو دیکھ رہے ہیں ممکن ہے کہ وہ ان تمام سیاسی اور دیگر سفارشی ذرائع استعمال کرنے والوں کو نظر انداز کردیں اور اپنی مرضی کے کسی افسر کو جو کہ اس دور میں شامل نہیں بطور جی ایم تعینات کردیں تاہم فی الحال مزکورہ پوسٹ پر تعیناتی نہ ہونے سے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے سیاسی سماجی دیگر حلقوں نے چیئرمین این ایچ اے سمیت دیگر ذمہ دوران سے جی ایم کی فوری تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔







