آج کی تاریخ

ٹی ایل پی پر پابندی کے بعد مریم نواز کے سکیورٹی عملے کی جامع اسکریننگ شروع

لاہور: کالعدم مذہبی جماعت ٹی ایل پی پر پابندی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سکیورٹی اہلکاروں اور دیگر عملے کی جامع اسکریننگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اسکریننگ جاتی عمرہ سے وزیراعلیٰ آفس تک تعینات تمام سکیورٹی اور انتظامی عملے کی کی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ عمل اس بات کی تصدیق کے لیے کیا جا رہا ہے کہ کسی بھی اہلکار یا ملازم کا تعلق کالعدم مذہبی جماعت سے نہ ہو۔ اگر کسی شخص کے روابط ثابت ہوئے تو اسے فوری طور پر وزیراعلیٰ کی سکیورٹی اور ذمہ داریوں سے ہٹا دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام ٹی ایل پی کے خلاف حالیہ کریک ڈاؤن اور وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ پابندی کے نوٹیفکیشن کے بعد کیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے پنجاب حکومت کی سفارش پر ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دی تھی، جس کے بعد حساس اداروں کو اہم حکومتی شخصیات کی سکیورٹی ٹیموں کی ازسرِنو جانچ کا حکم دیا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں