لاہور: لاہور کے علاقے مانوالہ میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں 17 سالہ ذہنی معذور لڑکی کو اس کے ہی قریبی رشتے دار نے کئی بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ حاملہ ہوگئی۔ واقعہ سامنے آنے پر علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ لڑکی کی والدہ نے بتایا کہ جب بیٹی کی طبی جانچ کرائی گئی تو حمل کی تصدیق ہوئی، جس پر لڑکی نے بتایا کہ ملزم ایاز نے متعدد بار اس کے ساتھ زیادتی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر حنا پرویز بٹ نے متاثرہ لڑکی کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندان کو قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم ایاز کو گرفتار کر لیا ہے۔ حنا پرویز بٹ نے اس موقع پر کہا کہ ’’ایسے درندہ صفت افراد معاشرے کے لیے ناسور ہیں، اور ذہنی معذور لڑکی کے ساتھ ظلم ناقابلِ معافی جرم ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس کیس کی خود نگرانی کر رہی ہیں اور انصاف ہر حال میں فراہم کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ملزم کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی شخص اس طرح کے گھناؤنے فعل کی جرأت نہ کرے۔







