ملتان: (ملتان کرائم رپورٹر) میں منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں تیز ہو گئیں۔ تھانہ لوہاری گیٹ پولیس نے بدنام زمانہ خاتون منشیات فروش رخسانہ بی بی کو گرفتار کر کے ایک کلوگرام سے زائد چرس برآمد کر لی۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ لوہاری گیٹ تنویر اسلم نے اپنی ٹیم، جس میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر سجاد حسین چاون بھی شامل تھے، کے ہمراہ علی چوک کے علاقے میں گشت کے دوران کارروائی کی۔ پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر ملزمہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمہ رخسانہ بی بی کا تعلق ایک ایسے گروہ سے ہے جو شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی میں ملوث ہے۔ برآمد شدہ چرس کا وزن ایک کلوگرام سے زائد بتایا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، تاکہ اس کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد تک بھی پہنچا جا سکے۔ایس ایچ او تنویر اسلم کے مطابق منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “اب منشیات فروشی میں خواتین کا شامل ہونا ایک خطرناک سماجی رجحان بنتا جا رہا ہے، جسے روکنے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔”شہریوں نے بھی پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے سے منشیات کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یہ کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔








