آج کی تاریخ

خیبر پختونخوا نے پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا

پشاور (بیورو رپورٹ) : خیبر پختونخوا حکومت نے پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ محکمہ خوراک کے مطابق وزیرِ اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر پنجاب حکومت کو باضابطہ طور پر ایک مراسلہ بھیج دیا گیا ہے، جس میں صوبے کے اندر گندم اور آٹے کی فراہمی بحال کرنے کے لیے بین الصوبائی نقل و حمل کی اجازت دینے پر زور دیا گیا ہے۔
محکمہ خوراک کے حکام کے مطابق پنجاب کی جانب سے گندم کی ترسیل پر پابندی کے باعث خیبر پختونخوا میں آٹے کی قلت بڑھ رہی ہے اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 151(1) کے تحت صوبوں کے درمیان آزادانہ تجارت وفاق کی آئینی ضمانت ہے، اس لیے پنجاب حکومت کی جانب سے ترسیل روکنے کا فیصلہ نہ صرف آئین کی روح کے خلاف ہے بلکہ وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کو بھی متاثر کر رہا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب فوری طور پر گندم اور آٹے کی ترسیل سے متعلق تمام پابندیاں ختم کرے تاکہ صوبے میں قلت کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں