بہاولپور ( کرائم سیل)پنجاب میں غیر قانونی اسلحہ مافیا کے خلاف بڑا ایکشن سی سی ڈی میدان میں! ناجائز اسلحہ رکھنے والے ڈیلرز،سپلائرز اور انکے سہولت کاروں کی لسٹیں تیار۔بہاولپور میں فورتھ شیڈول کریمنل ریکارڈ یافتہ اور غیر قانونی اسلحہ کی خرید وفروخت کرنے والے بڑے ڈیلروں کے خلاف کاروائی بھی متوقع۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں بڑھتے ہوئے جرائم اور وارداتوں کی لہر کے بعد حکومت نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے، فروخت کرنے اور تیار کرنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے سی سی ڈی (CCD) کو نئی اور خصوصی ذمہ داری سونپ دی ہے، جس کے تحت پورے صوبے میں ناجائز اسلحہ رکھنے، خرید و فروخت اور سمگلنگ کرنے والے نیٹ ورکس کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کی جا رہی ہیں۔سی سی ڈی حکام نے ضلعی سطح پر کارروائیوں کا جامع پلان تیار کرلیا ہے جبکہ غیر قانونی ہتھیاروں کے سپلائرز، ڈیلرز اور ان کے سہولت کاروں کی فہرستیں مرتب کرنے کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ان افراد کے خلاف “زیرو ٹالرنس” پالیسی اپنائی جائے گی — کسی بھی سیاسی یا بااثر شخصیت کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ صرف بہاولپور میں ہی درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں افراد ناجائز اسلحہ کے دھندے میں سرگرم بتائے جا رہے ہیں۔یہ عناصر نہ صرف جرائم پیشہ گروہوں بلکہ علاقہ غیر اور دریائی بیلٹ تک اسلحہ اور ایمونیشن سپلائی کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے فور شیڈول میں شامل بعض افراد بھی ڈیلر لائسنس حاصل کر کے اسی مکروہ کاروبار میں ملوث ہیں۔تحقیقات کے مطابق سابقہ انچارج اسلحہ برانچ غلام محمد عرف جی ایم کے دور میں بھی بڑے پیمانے پر غیر قانونی لائسنسوں اور ناجائز اسلحہ کے کاروبار میں چشم پوشی کی گئی۔کئی بااثر افراد اب بھی اسی نیٹ ورک کا حصہ ہیں جو جدید اسلحہ کی اسمگلنگ اور فروخت میں سرگرم ہیں۔روزنامہ قوم اور دیگر میڈیا اداروں کی بارہا نشاندہی کے بعد پنجاب حکومت کی یہ کارروائی عوامی سطح پر انتہائی سراہا جا رہی ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا سی سی ڈی واقعی ان طاقتور عناصر کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کر پائے گی، یا یہ آپریشن بھی روایتی انداز میں کسی سیاسی دباؤ کی نذر ہو جائے گا۔
