جہانیاں (سٹی رپورٹر) جہانیاں کے نواحی علاقے پل نمبر 14 پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں بھوسے سے بھرا ایک مزدا ٹرک اچانک بےقابو ہو کر رکشہ کے اوپر الٹ گیا۔حادثے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں 11 سالہ بشری بی بی، 9 سالہ عجوہ، 8 سالہ بختاور، 45 سالہ آسیہ بی بی اور 6 سالہ حورین شامل ہیں۔جبکہ زخمیوں میں 35 سالہ رخسانہ، 2 سالہ علیمہ اور 2 سالہ سبحان ساکن ملتان شامل ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق رکشہ سوار تمام افراد ملتان سے ٹبہ سلطان پور شادی میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں یہ دلخراش حادثہ پیش آیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس،ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال جہانیاں منتقل کر دیا۔حادثے کے باعث علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
