اسلام آباد: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ایشیا کپ فائنل میں ناقص کارکردگی کے باوجود فاسٹ بولر حارث رؤف کا بھرپور دفاع کیا ہے۔
سلمان علی آغا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کسی ایک کھلاڑی کو شکست کا ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں، ہم بطور ٹیم ہی جیتتے اور ہارتے ہیں۔ ان کے مطابق حارث پاکستان کے بہترین بولرز میں شمار ہوتے ہیں، اگرچہ فائنل میں ان کا دن اچھا نہیں تھا لیکن یہی کھیل کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ جب بھارت کو آخری چھ اوورز میں 63 رنز درکار تھے تو سب سے موزوں انتخاب حارث ہی نظر آئے۔ اگر انہیں موقع نہ دیا جاتا تو سوال اٹھتا کہ اہم موقع پر بہترین بولر کو کیوں استعمال نہیں کیا گیا۔
کپتان نے اس بات پر زور دیا کہ صرف حارث کے ایک اوور کو شکست کی وجہ قرار دینا درست نہیں، کیونکہ میچ پورے اسکواڈ کی کارکردگی سے جیتا یا ہارا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ فائنل میں حارث رؤف نے 3.4 اوورز میں 50 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
