اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے پائیدار مستقبل کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات اور جمہوری استحکام ناگزیر ہیں۔
عالمی یومِ جمہوریت پر اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ یہ دن عوام کے سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کی یاد دہانی ہے۔ ان کے مطابق جمہوریت ہی رواداری، شمولیت اور اظہارِ رائے کی آزادی کی حقیقی ضمانت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ 1973ء کا آئین پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری کامیابی ہے جو عوامی آواز کی حفاظت کرتا ہے۔ ان کے بقول جمہوریت عوام کو بااختیار بناتی ہے اور فیصلہ سازی میں ان کی شمولیت یقینی بناتی ہے۔ قائدین کی قربانیوں نے جمہوریت کو دوام بخشا ہے، جو محض ایک عمل نہیں بلکہ عوامی حقوق کے تحفظ کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن جمہوری اقدار کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید کا تقاضا کرتا ہے۔ پارلیمنٹ عوام کی حقیقی آواز اور پالیسی سازی کا مرکز ہے، جبکہ مساوات اور قانون کی حکمرانی جمہوریت کی بنیاد ہیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل صرف مضبوط جمہوری ڈھانچے سے وابستہ ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی قربانیاں اس سفر کی اصل بنیاد ہیں۔
