آج کی تاریخ

ملتان پولیس گینگ: سی سی ڈی نہ سپیشل برانچ، سرغنہ انسپکٹر کا تعلق جے ٹی ٹی سے نکلا، تاجر پر دباؤ

ملتان(کرائم سیل رپورٹ)14 رکنی موبائل ٹیم کے ساتھ غلہ منڈی کے تاجر کے گھر واقع قاسم پور نہر کے علاقے میں تلاشی کی آڑ میں ڈکیتی کرنے والے پولیس انسپکٹر طرخ حسن گیلانی کا تعلق سی سی ڈی اور سپیشل برانچ کے بجائے ملتان پولیس کی خصوصی جوائنٹ ٹاسک ٹیم سے نکلا اور معلوم ہوا ہے کہ وہ اس خصوصی ٹیم کے انچارج بھی ہیں۔ یاد رہے کہ تاجر کے گھر تلاشی کی آڑ میں ڈکیتی کے وقت طرخ حسن گیلانی نے اپنا اور اپنی ٹیم کا تعارف سی سی ڈی کے طور پر کرایا مگر بعد میں واپس جاتے ہوئے جب تاجرکو پولیس ڈالے میں بٹھایا اور راستے میں اس سے2 لاکھ ستر ہزار مزید لےلئے تو اس وقت خود کو سپیشل برانچ کی ٹاسک ٹیم کے طور پر متعارف کرایا پھر تاجر کو زبان بندی کے وعدے پر دو لاکھ 70 ہزار لے کر پولیس ڈالےسے اتار دیا ۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس ڈکیتی کرنے والی پولیس ٹیم میں سادہ کپڑوں میں چار افراد پولیس ملازمین نہ تھے جبکہ یونیفارم میں ملبوس چاروں خواتین جنہوں نے ماسک لگا رکھے تھے میں صرف ایک پولیس لیڈی کانسٹیبل ہے جبکہ باقی تین عورتوں کا پولیس سے کوئی تعلق نہیں ۔توجہ طلب امر یہ ہے کہ جے ٹی ٹی کی طرف سے تاجر پر ٹاؤٹوں کے ذریعے دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ زبان بند رکھے تو سامان واپس مل جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں