آج کی تاریخ

دوحا پر اسرائیلی حملے کے بعد قطر عالمی سطح پر اہمیت اختیار، شہباز شریف ہنگامی دورے پر روانہ

دوحا: اسرائیلی حملے کے بعد قطر عالمی سطح پر سیاسی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللہ قطر پہنچ چکے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف وفاقی وزراء کے ہمراہ ہنگامی دورے پر قطر کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ اس دورے کا مقصد اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطری قیادت سے یکجہتی کا اظہار کرنا اور فلسطین کی حمایت میں متحدہ عرب اور اسلامی ممالک کے موقف کو مضبوط بنانا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کریں گے اور اس موقع پر پاکستان پہلے ہی اسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلامی اور عرب ملکوں کے مشترکہ ردعمل کے لیے قطر میں ہونے والی کانفرنس کا شریک منتظم بننے کی پیشکش کر چکا ہے۔ اس کے علاوہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی دوحا کا دورہ متوقع ہے، جو پہلے سے طے شدہ نہیں تھا۔
قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملے نے حماس کے یرغمالیوں کی رہائی کی تمام امیدیں ختم کر دی ہیں اور اس جارحیت سے یرغمالیوں کا مستقبل مزید

تاریک ہو گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
واضح رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں حماس کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، جس کے نتیجے میں مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ خلیل الحیا کے مشیر اور ان کے بیٹے سمیت 5 افراد شہید ہو گئے جبکہ حماس کی مرکزی قیادت محفوظ رہی۔
ادھر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے دوحا پر حملے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ اسرائیلی اقدام غیر دانشمندانہ تھا۔ عالمی قیادت کے یہ ہنگامی دورے اور ردعمل قطر کی موجودہ سیاسی اہمیت اور خطے میں امن کی کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں