آج کی تاریخ

سعودی ولی عہد اور عرب رہنماؤں کی اسرائیلی حملوں کے خلاف یکجہتی کا اعلان

ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسرائیل کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس قسم کی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
مجلس شوریٰ کے سالانہ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہر حال میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے اور غزہ فلسطین کی زمین ہے جس پر کسی بھی طاقت کو فلسطینی عوام کے جائز حقوق سے محروم کرنے کا حق نہیں ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان بھی دوحہ پہنچے تاکہ قطر کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں، جہاں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے ان کا استقبال کیا۔
قطری وزیراعظم نے اسرائیلی حملے کو ریاستی دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ اس جارحیت نے یرغمالیوں کی رہائی کی تمام امیدیں ختم کر دی ہیں، ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے بھی قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل اسرائیل نے دوحہ میں حماس قیادت پر فضائی حملہ کیا تھا، جس میں خلیل الحیا کے بیٹے سمیت چھ افراد شہید ہوئے، جبکہ حماس کی مرکزی قیادت محفوظ رہی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں