وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں کلائمٹ اور زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں شدید نقصان ہوا ہے اور اب سندھ کی وادیوں میں پانی داخل ہو رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تباہ کاری کے پیش نظر وزارت موسمیاتی تبدیلی کے سیکریٹری کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ ایک مربوط پروگرام تیار کریں، کیونکہ راتوں رات موسمیاتی چیلنجز سے نمٹا نہیں جا سکتا، اور اس کے لیے تمام فریقین کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے زرعی نقصان کی تفصیلات آئندہ ہفتے کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں گی، اور ابتدائی تخمینے کے مطابق ہزاروں پاکستانی اس تباہی کی نذر ہو چکے ہیں، کئی زخمی ہیں اور ہزاروں ایکڑ زمین زیر آب آ گئی ہے۔
وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ سیلاب کے نقصانات کے پیش نظر کلائمٹ ایمرجنسی اور زرعی ایمرجنسی نافذ کی جا رہی ہے اور احسن اقبال کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اعلان کے بعد ایپکس سطح پر اجلاس طلب کیا جائے گا تاکہ موثر حکمت عملی اور پالیسی مرتب کی جا سکے۔
