لاہور: پنجاب میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصان کے باعث اموات کی تعداد 76 تک پہنچ گئی جبکہ تقریباً 42 لاکھ 9 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے اثرات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق شدید سیلاب کی وجہ سے 4 ہزار سے زائد موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔ دریائے چناب میں 2190، ستلج میں 651 اور راوی میں 1495 موضع جات سیلاب سے متاثر ہوئے۔
نبیل جاوید نے بتایا کہ سیلاب میں پھنسنے والے تقریباً 21 لاکھ 90 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں 404 ریلیف کیمپس اور 488 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
مویشیوں کے علاج معالجے کے لیے 421 ویٹرنری کیمپس بھی لگائے گئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں 15 لاکھ 81 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ریلیف کمشنر نے بتایا کہ منگلا ڈیم 90 فیصد جبکہ تربیلا ڈیم مکمل طور پر بھر چکا ہے۔ دریائے ستلج پر بھارتی بھاکڑا ڈیم 90 فیصد، پونگ ڈیم 99 فیصد اور تھین ڈیم 97 فیصد تک بھرا ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق متاثرہ شہریوں کے نقصانات جلد از جلد دور کیے جائیں گے
