آج کی تاریخ

رانا ثنا اللہ ن لیگ کے لیے فخر ہیں، پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ فساد گروپ ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ بھاری اکثریت سے سینیٹر منتخب ہوں گے، اگر پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کرنا تھا تو بیلٹ پیپر پر نام کیوں شامل کروایا؟
میڈیا ہال میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف جھوٹے مقدمات اور سزائے موت کے پرچے درج کیے گئے، وہ پی ٹی آئی کے سیاسی انتقام کی زندہ مثال ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے لیے یہ باعثِ اعزاز ہے کہ رانا ثنا اللہ کو ووٹ دے کر سینیٹ بھیجا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے کی قیمت میں فرق پر وزیر اعلیٰ نے تشویش ظاہر کی ہے۔ فلور ملز مالکان اور آڑھتیوں کو تین دن کا وقت دیا گیا ہے کہ وہ اپنا اسٹاک ظاہر کریں، بصورت دیگر قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔ صوبے میں گندم کی کمی نہیں لیکن کچھ عناصر جان بوجھ کر ذخیرہ اندوزی کر کے ناجائز منافع خوری کی کوشش کر رہے ہیں، جو ہرگز برداشت نہیں ہوگی۔ گندم کی فی من قیمت 3000 روپے اور روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ خانیوال میں سرکاری گندم بروقت منتقل نہ کرنے کے باعث پانی میں بہہ گئی، جس پر ڈی جی فوڈ اور مقامی عملہ معطل کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گندم کا ایک ایک دانہ عوام کی امانت ہے، اسے ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے صحافی طیب بلوچ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ یہ جماعت نہیں بلکہ فساد پارٹی ہے۔ جو لوگ اختلاف رائے پر حملے کریں، وہ سیاسی جماعت کہلانے کے اہل نہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ ملک دشمن سازشوں کے ذریعے ڈالر کمانے والے اپنے آپ کو صحافی ظاہر کرتے ہیں، ان کے نزدیک صرف وہی صحافی ہیں جو ان کی زبان بولیں اور عمران خان کو پسند کریں۔ لیکن پاکستان میں “مائٹ از رائٹ” کی پالیسی نہیں چلنے دی جائے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں