آج کی تاریخ

ملتان میں سیلاب کا خطرہ، شیر شاہ بند کو توڑنے کی تیاری، عوام کو نقل مکانی کی ہدایت

ملتان: ملتان میں سیلابی صورتحال تاحال برقرار ہے اور دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ ہیڈ تریموں سے آنے والا 5 لاکھ 43 ہزار کیوسک پانی ملتان کی حدود میں داخل ہو چکا ہے جبکہ ہیڈ محمد والا پر بھی پانی کی مقدار میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
محکمہ انہار کے مطابق گیج 413.40 تک پہنچ گیا ہے، اور پانی کے بہاؤ کو کم کرنے کے لیے حکام شیر شاہ بند کو دھماکے سے اڑانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اگر بند کو توڑا گیا تو 20 سے زائد دیہات زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔
ایم این اے عبدالقادر گیلانی اور ایم این اے علی قاسم گیلانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر شیر شاہ کے قریبی علاقوں اور بستیوں کو خالی کریں۔ رات گئے سے مقامی آبادی نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے بند میں شگاف ڈالنا ناگزیر ہے۔ اگلے 48 گھنٹوں میں پانی کا بڑا ریلا ملتان کی طرف بڑھنے کا امکان ہے، جس سے صورتحال نہایت سنگین ہو سکتی ہے۔
سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی نے متاثرہ بستیوں کے رہائشیوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پانی کو شیر شاہ، گگرا کچور، موضع ہمر اور دیگر قریبی علاقوں کی طرف موڑا جائے گا تاکہ دباؤ کو کم کیا جا سکے اور مزید بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں