اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں مزید توسیع کر دی ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی چھ مقدمات اور بشریٰ بی بی کے ایک مقدمے میں ضمانت 7 اکتوبر تک برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 9 مئی کے واقعات، اقدامِ قتل اور احتجاج کے مقدمات میں گرفتاری سے محفوظ رکھنے کے احکامات میں توسیع دی۔ اسی طرح بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں جعلی رسیدوں کے الزامات پر عبوری ضمانت بھی بڑھا دی گئی۔
سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ آج بھی موخر رہا اور بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر دلائل مکمل نہ ہو سکے۔ عدالت نے کہا کہ دونوں کی ضمانت کے معاملے پر مشترکہ فیصلہ سنایا جائے گا۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی طرف سے ایڈووکیٹ خالد یوسف چوہدری پیش ہوئے۔ ان کے خلاف تھانہ ترنول، کراچی کمپنی، کوہسار اور دیگر تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔
