آج کی تاریخ

سیلاب:پنجاب میں 2925 سرکاری سکول بند ، 7 لاکھ طلبہ کا تعلیمی سلسلہ معطل

ملتان (وقائع نگار)پنجاب میں حالیہ بدترین سیلاب نے صوبے کے تعلیمی نظام سمیت تمام شعبوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ سیلاب کے باعث صوبے بھر میں 2925 سرکاری سکول بند کر دیئےگئے جس سے 7 لاکھ سے زائد طلبہ کا تعلیمی سلسلہ عارضی طور پر معطل ہو گیا ہے۔چیئرمین ٹاسک فورس برائے ایجوکیشن مزمل محمود نے بتایا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث لڑکوں کے 1420 اور لڑکیوں کے 1505 سرکاری سکول بند کرنا پڑے۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب خالد نذیر وٹو کے مطابق 1151 سرکاری سکول سیلاب سے براہ راست متاثر ہوئے، جن میں سے 817 سکول جزوی طور پر جبکہ 45 مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 1,700 سے زائد سکولوں کو فلڈ ریلیف کیمپس میں تبدیل کر دیا گیا، جس کی وجہ سے ان سکولوں میں بھی تعلیمی سرگرمیاں روک دی گئیں۔ گجرات، ڈی جی خان اور ملتان ڈویژنز کے سکول سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب سے 6 لاکھ 80 ہزار سے زائد طلبہ کی تعلیم براہ راست متاثر ہوئی ہے۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن خالد نذیر نے بتایا کہ تعلیمی نقصان کو پورا کرنے کے لیے متاثرہ طلبہ کو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) اور پیما کے سکولوں میں منتقل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اضافی کلاسز، ہفتہ کے دنوں میں تعلیمی سیشنز اور موبائل ایجوکیشن یونٹس کے ذریعے تعلیمی خلاء کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 2024ء کے بجٹ میں سکولوں کی بحالی کے لیے مختص 40 ارب روپے کے فنڈز متاثرہ سکولوں کی تعمیر نو اور مرمت پر خرچ کیے جائیں گے۔حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ متاثرہ سکولوں کی بحالی اور طلبہ کی تعلیم کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ تعلیمی سلسلہ جلد از جلد دوبارہ شروع کیا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں