اسلام آباد: سپریم کورٹ کی عدالتی تعطیلات ختم ہونے کے بعد آج سے نئے عدالتی سال کا آغاز ہو رہا ہے۔ صبح ساڑھے 9 بجے اس موقع پر جوڈیشل کانفرنس منعقد ہوگی جس سے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی خطاب کریں گے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی صبح ساڑھے 10 بجے فیسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح بھی کریں گے۔ اسی روز ساڑھے 11 بجے سے دوپہر ایک بجے تک سپر ٹیکس سے متعلق مقدمات کی سماعت کے لیے آئینی بینچ بیٹھے گا۔ یہ 5 رکنی بینچ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں کیسز کی سماعت کرے گا، جس میں سپر ٹیکس پر دائر 1250 درخواستیں مقرر کی گئی ہیں۔
دن ایک بجے فل کورٹ کا اجلاس بھی ہوگا جس کی صدارت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کریں گے۔ اس اجلاس میں سپریم کورٹ رولز 2025 پر سپریم کورٹ بار کی سفارشات کا جائزہ لیا جائے گا۔
مزید برآں، سپریم کورٹ نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ اور ججز کا روسٹر بھی جاری کردیا ہے، جس کے مطابق پرنسپل سیٹ پر 9 بینچز تشکیل دیے گئے ہیں۔
