اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عطیات کے عالمی دن کے موقع پر قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد اور تعاون میں مزید اضافہ کریں۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ مل کر عطیات کے عالمی دن پر انسانی ہمدردی، رواداری اور فلاحی جذبے کو اجاگر کرتا ہے۔ ہماری تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ پاکستانی قوم رنگ، نسل اور تعصب سے بالاتر ہو کر ہمیشہ دوسروں کی بے لوث خدمت اور مدد پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں کی خدمت کا جذبہ پاکستان کی سماجی اور تہذیبی اقدار کا اہم حصہ ہے۔ قدرتی آفات، حادثات اور ہنگامی حالات میں پاکستانی عوام اور رضاکاروں نے ہمیشہ اپنے ہم وطنوں کا ساتھ دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ عطیات دینے والے شمار ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مخیر حضرات مفت علاج، دسترخوان، ایمبولینس سروس اور دیگر فلاحی کاموں کے ذریعے معاشرے کی خدمت کر رہے ہیں، جو ہماری روایات اور اسلامی تعلیمات کی عکاسی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بھی غربت کے خاتمے اور فلاحی کاموں کے لیے مختلف پروگرامز کے تحت اقدامات کر رہی ہے، جن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، بیت المال، زکوۃ، ای او بی آئی، پاکستان تخفیف غربت فنڈ، ٹیوٹا اور صحت سے متعلق دیگر اسکیمز شامل ہیں، جن سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں امداد و عطیات کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ متاثرین اپنے روزگار، مال مویشی اور گھروں کے نقصان کے بعد خوراک، رہائش اور صحت کی سہولتوں کے منتظر ہیں، جن کے لیے حکومت، افواج پاکستان اور عوام مل کر ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔
انہوں نے قوم اور دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ریلیف اور بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ متاثرہ عوام کو سہارا دیا جا سکے اور ہم سب مل کر ایک خوشحال اور مضبوط مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔
