آج کی تاریخ

مجید نانڈلہ کی ایک دہائی پر محیط سرپرستی، جنوبی پنجاب شراب و منشیات فروشوں کا محفوظ گڑھ

ملتان(سٹاف رپورٹر) ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کے گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ سے نارکوٹکس ڈویژن کے روح رواں اور جنوبی پنجاب میں شراب کے اکلوتے ٹھیکے کے سرکاری سہولت کار انسپکٹر عبدالمجید نانڈلہ بارے مزید انکشافات ہوئے ہیں کہ موصوف محکمہ ایکسائز میں کلرک بھرتی ہوئے تھے اور پھر ترقی کرتے کرتے انسپکٹر کے عہدے تک پہنچے اور ملتان ڈویژن کے ناجائز منشیات فروشوں کو تحفظ دینے کے لیے کئی سال سے لاکھوں روپیہ خرچ کرکے ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ ملتان کی سٹاف یونین کی صدارت بھی انہی کے قبضے میں ہے اور سٹاف یونین کی سیاست کی وجہ سے مسلسل افسران کو ان کے ہاتھوں بلیک میل ہونا پڑتا ہے۔ باوثوق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جب سے عبدالمجید نانڈلہ کو ایکسائز کے نارکوٹکس ونگ کے انچارج کا عہدہ ملا ہے تب ہی سے خصوصی طور پر ملتان اور مجموعی طور پر جنوبی پنجاب منشیات اور شراب کا سب سے بڑا گڑھ بن چکا ہے اور ملتان میں آئس بڑے پیمانے پر کھلے عام فروخت رہی ہے مگر آج تک انہوں نے کسی بڑے ڈیلر کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی نمایاں کارروائی نہ ہونے دی بلکہ آئس فروش سر عام نوجوان نسل کو برباد کر رہے ہیں۔ ملتان جنوبی پنجاب کا واحد مرکز ہے جہاں بڑے پیمانے پر جعلی شراب تیار اور فروخت کی جاتی ہے مگر ایکسائز ڈیپارٹمنٹ شراب فروشوں اور شراب تیار کرنے والوں کی مکمل سہولت کاری کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ کئی مرتبہ عید کے موقع پر زہریلی شراب پینے سے بڑے پیمانے پر لوگوں کی اموات واقع ہو چکی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تین ماہ میں تھانہ گلگشت کے علاقے میں عبدالمجید نانڈلہ نے منشیات کا صرف ایک پرچہ دے کر خانہ پری کر دی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملتان میں عبدالمجید نانڈلہ کے خلاف متعدد درخواستیں دائر کی گئی تھیں مگر تفتیشی مراحل میں ہی ان کے سیاست دانوں اور نچلے درجے کی بیوروکریسی میں موجود سہولت کار اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پر سیاسی، سرکاری اور ایپکا یونین کا پلیٹ فارم استعمال کرکے ہر طرح کی کارروائی رکوا دیتے ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ عبدالمجید نانڈلہ کھلے عام اپنے دفتر میں بیٹھ کر ایک انتہائی باعزت سیاسی خاندان کا نام استعمال کر کے ان کی سیاسی اور اخلاقی ساکھ کو مجروح کرتا ہے مگر کبھی بھی انہیں زبان بند رکھنے کے لئے نہیں کہا گیا۔

مزید پڑھیں: ملتان: عرب پتی ایکسائز انسپکٹر مجید نانڈلہ نے رشتہ داروں کو بھی نہ بخشا، قبضے، جھوٹے مقدمات

شیئر کریں

:مزید خبریں