آج کی تاریخ

جامعہ زکریا اےایس اے جنرل باڈی اجلاس، وی سی کے رویے پر تنقید

ملتان (وقائع نگار)بہالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس جناح آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ یونیورسٹی کی تاریخ کا سب سے طویل جنرل باڈی اجلاس پانچ گھنٹے جاری رہا۔ اجلاس کی صدارت ڈاکٹر عبدالستار ملک صدر اے ایس اے نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر خاور نوازش سیکرٹری اے ایس اے نے ادا کیے۔ اجلاس میں اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور یونیورسٹی اساتذہ کو درپیش مختلف معاملات پر اظہارِ خیال کیا۔ وہ تمام اساتذہ جنھیں ترقیوں کے آرڈرز مل چکے ہیں انھیں سب نے مبارک باد دی تاہم ڈاکٹر فریدہ یوسف، ڈاکٹر ارم شہزادی، ڈاکٹر احسان قادر بھابھہ، ڈاکٹر بنیامین، ڈاکٹر عمار حیدر زیدی، ڈاکٹر جمیل نتکانی سمیت ڈاکٹر مقرب اکبر اور دیگر اساتذہ نے حالیہ سلیکشن بورڈز میں اساتذہ کو ترقیوں سے محروم کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ جنرل باڈی اجلاس کے تمام مقررین کا زیادہ موضوع انتظامیہ کی طرف سے اساتذہ کا تضحیک آمیز رویہ رہا۔ سینئر اساتذہ نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور بیک زبان وائس چانسلر کی طرف سے بے عزتی اور ڈی گریڈ کیے جانے پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔ ڈینز اور چئیرمینوں کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر کسی سینئر استاد کی رائے کو بھی اہمیت دینے کے لیے تیار نہیں، انھوں نے دونوں سلیکشن بورڈز کے علاوہ بھی مختلف مواقع پر انھیں تضحیک کا نشانہ بنایا ہے، شعبہ جات اساتذہ اور چیئرمینوں نے چلانے ہیں اگر ان کی رائے کی کوئی اہمیت نہیں اور فیصلوں میں ان کا کوئی اختیار نہیں تو پھر تمام شعبے بھی وی سی خود چلا لیں اور کلاسز بھی وہ اکیلے ہی پڑھا لیں۔ ہم ایسے ماحول میں کام کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ وہ اساتذہ جنھیں ترقیوں سے محروم کیا گیا ہے وہ ہر طرح سے اہلیت کے معیار پر پورا اترتے ہیں، انھیں صرف اپنی انا کی تسکین کے لیے ترقیوں سے محروم کیا گیا۔ اب تک ان سلیکشن بورڈ کے نتائج پر چھ رٹیں ہائی کورٹ میان دائر کی جاچکی ہیں، ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ سلیکشن بورڈ ان اساتذہ کی شنوائی کرے اور ان کی محرومیوں کا ازالہ کرے لیکن وی سی صاحب عدالتی احکامات بھی ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ ڈاکٹر احسان قادر بھابھہ، ڈاکٹر عامر اسماعیل اور ڈاکٹر محمد ریاض (ڈین فوڈ سائنسز) نے کہا کہ اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کو یہ جنرل باڈی اجلاس اس سلیکشن بورڈ سے اگلے ہی دن بلانا چاہیے تھا جب اساتذہ کے ساتھ یہ ناروا رویہ اختیار کیا گیا، اے ایس اے کمپرومائزڈ لگتی ہے۔ ڈاکٹر عبدالستار ملک بحیثیت صدر نے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے نئے ترقی پانے والے اساتذہ کو مبارک باد دی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں