آج کی تاریخ

علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کی ضمانت کیس، عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا

لاہور: بانی تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کی ضمانت کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے شاہ ریز خان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
جج منظر علی گل نے 9 مئی 2023 کے جلاؤ گھیراؤ کیس میں دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ سماعت کے دوران شاہ ریز خان کے والدین، علیمہ خان اور سہیل امیر بھی عدالت میں موجود تھے۔
ملزم کے وکیل رانا مدثر نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہ ریز پر کارکنان کو اکسانے کا الزام بے بنیاد ہے، مقدمے میں جیو فینسنگ سمیت ہر تفتیش مکمل ہوچکی لیکن شاہ ریز کے خلاف کوئی ثبوت یا گواہ موجود نہیں۔ چالان میں بھی ان کا نام شامل نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرفتاری 28 ماہ بعد کی گئی، کیونکہ علیمہ خان اپنے بھائی عمران خان کی رہائی کے لیے آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ وکیل نے دعویٰ کیا کہ شاہ ریز 6 سے 12 مئی تک چترال میں موجود تھے اور اس کے ثبوت و بیانات حلفی موجود ہیں۔
سرکاری وکیل نے عدالت میں کہا کہ ابھی تک وریفیکیشن مکمل نہیں ہوئی، اور صرف شاہ ریز کے دوستوں کی فیس بک تصاویر کو بنیاد بنایا گیا ہے، ملزم کی اپنی فیس بک پر کوئی تصویر موجود نہیں۔
عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد شاہ ریز خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں