آج کی تاریخ

کالا باغ ڈیم پارٹی پالیسی نہیں، علی امین کا مؤقف ذاتی ہے: سلمان اکرم راجا

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کالا باغ ڈیم سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، لیکن یہ ہرگز پارٹی کا مؤقف نہیں ہے۔
راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا مؤقف واضح ہے کہ کالا باغ ڈیم کے معاملے پر سندھ اور خیبرپختونخوا کے خدشات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ایسے منصوبے جن پر صوبے متفق نہ ہوں وہ وفاق کو کمزور کرتے ہیں۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز متفق نہ ہوں اس نوعیت کے منصوبے ممکن نہیں ہوتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف صدارتی نظام کی نہیں بلکہ عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت کے تسلسل کی جدوجہد کر رہی ہے۔ اگر علی امین گنڈا پور نے ایسا کوئی بیان دیا ہے تو ان سے وضاحت لی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے ہیں، جن کے کوئی ثبوت نہیں۔ عدالتوں میں کارروائیاں مؤخر کی جاتی ہیں اور کیسز کو لٹکایا جا رہا ہے، تاہم بڑی عدالتوں میں کبھی کبھار ریلیف مل جاتا ہے۔
سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر لاہور میں اجلاس ہوا، جس میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اراکین اسمبلی کو اپنی جیب سے تعاون کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کارکن متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمات کی سماعت جج کی رخصت کے باعث نہ ہو سکی اور ان کی عبوری ضمانت میں 23 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں