آج کی تاریخ

دریائے سندھ میں 5 ستمبر کو شدید سیلاب کا خطرہ

کراچی: دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج پر 5 ستمبر کو انتہائی شدید سیلاب کے آنے کا امکان ہے۔ موجودہ صورتحال کے دوران گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل نے سندھ کے بیراجوں میں پانی کی آمد و اخراج کے تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ محکمہ آبپاشی سندھ کے مطابق گڈو بیراج پر اَپ اسٹریم 318,229 کیوسک جبکہ ڈاؤن اسٹریم 303,877 کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا۔ سکھر بیراج پر اَپ اسٹریم 285,487 اور ڈاؤن اسٹریم 234,717 کیوسک پانی ہے۔ کوٹری بیراج پر اَپ اسٹریم 273,844 اور ڈاؤن اسٹریم 244,739 کیوسک ریکارڈ ہوا۔
فوکل پرسن زبیر چنہ نے بتایا کہ بیراجوں پر پانی کی آمد و اخراج کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور سندھ کے تمام بیراج اور دریائی بند مضبوط اور جدید تقاضوں کے مطابق ہیں۔ صوبے میں ماضی میں 102 خطرناک پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی تھی، جہاں سیلاب کے دوران حادثات پیش آئے تھے، تاہم اب ان تمام مقامات پر خصوصی اقدامات مکمل کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پیشگی حکمتِ عملی کے تحت تمام مقامات پر عملہ تعینات کر دیا ہے، مشینری اور ضروری ساز و سامان فراہم کیا گیا ہے اور نگرانی ہر وقت جاری ہے تاکہ ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔ عوام کو ہر طرح کے خدشات سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت مکمل طور پر تیار ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں