بورے والا: دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب نے بورے والا کے علاقے کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ اس وقت ایک لاکھ 90 ہزار کیوسک کا طاقتور سیلابی ریلہ گزر رہا ہے، جس نے ہر طرف تباہی کے مناظر پیدا کر دیے ہیں۔
سیلاب سے بچاؤ کے لیے قائم کئی حفاظتی بند ٹوٹ گئے، جس کے باعث پانی ساہوکا تک جا پہنچا۔ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی کپاس، دھان، مکئی اور تل کی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، جس سے کسان شدید نقصان کا شکار ہوئے ہیں۔
سیلاب نے کھیتوں کے ساتھ ساتھ مکانات، دیہات اور اسکولوں کو بھی ڈھانپ لیا ہے۔ کئی علاقوں میں پانی کئی فٹ تک بلند ہو گیا ہے اور بستیوں میں ہر طرف بربادی کا عالم ہے۔
متاثرہ لوگ گھروں سے نکل کر سڑکوں پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں مقامات پر زمینی رابطے منقطع ہو چکے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر بورے والا کے مطابق متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں انہیں کھانے پینے کی اشیاء، ادویات اور جانوروں کے لیے چارہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
سیلاب نے 80 سے زائد دیہات اور مواضعات کا رابطہ ختم کر دیا ہے۔ کئی خاندان اپنے گھروں کو چھوڑنے سے انکار کر رہے ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے حکام فوری اقدامات کر رہے ہیں۔
