اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سیالکوٹ، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکھ برادری سے خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کی تمام عبادت گاہوں کی بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائے گا۔
سیلاب متاثرہ دربار صاحب کرتارپور میں سکھ کمیونٹی نے بروقت امدادی کارروائیوں پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کے دورے کو تاریخی قرار دیا۔ سکھ رہنما رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ سیلاب کے دوران پاک فوج نے آخری فرد کی محفوظ منتقلی تک ساتھ دیا، جس پر ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سکھوں کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے سکھ برادری کے ساتھ بیٹھنے سے پوری دنیا کے سکھوں کا وقار بلند ہوا ہے۔ دنیا بھر کے سکھ جب جانیں گے کہ انہوں نے خود کرتارپور کا دورہ کیا تو ان کے دلوں میں پاکستان کی عزت مزید بڑھے گی۔
دیگر سکھ رہنماؤں نے بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جو سکھ کمیونٹی کا مان بڑھایا ہے اس پر دنیا بھر کے سکھ ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے لیے محفوظ ترین ملک ہے اور سکھ یاتری جب پاکستان سے واپس جاتے ہیں تو ان کی آنکھوں میں محبت کے آنسو ہوتے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے جنت کی مانند ہے اور پاک فوج ہمیشہ عوام کی خدمت میں پیش پیش رہتی ہے۔
