لاہور: محکمہ تعلیم پنجاب نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پانچویں اور چھٹی جماعت کے امتحانات بھی بورڈ کی سطح پر لینے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ امتحانات پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کے تحت منعقد ہوں گے۔
سرکلر میں وضاحت کی گئی کہ رواں سال نویں اور دسویں کے بورڈ امتحانات کے کمزور نتائج کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق پانچویں اور چھٹی کے امتحانات بورڈ سطح پر لینے سے طلبہ کی تعلیمی اور ذہنی تیاری میں بہتری آئے گی اور مستقبل میں نویں اور دسویں کے نتائج بھی بہتر ہوسکیں گے۔
محکمہ تعلیم نے تمام اسکول سربراہان کو تیاری شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے جبکہ اکیڈمک امپرومنٹ پلان بھی طلب کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب ٹیچرز یونین نے کہا کہ پنجم اور ہشتم کے بورڈ امتحانات کا تجربہ پہلے بھی دو بار ناکام ہوچکا ہے، اساتذہ کے مطابق بار بار نئے تجربات کرنے کے بجائے ایک مشترکہ اور طویل المدتی تعلیمی پالیسی بنائی جائے۔
