آج کی تاریخ

پی ڈی ایم اے پنجاب کی شدید مون سون بارشوں کی وارننگ، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے اگلے چند دنوں کے لیے شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق مون سون بارشوں کا نواں اسپیل کل سے شروع ہوگا اور 29 اگست تا 2 ستمبر پنجاب کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں۔

راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرانوالہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بارش کا امکان ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی مون سون کی بارشیں متوقع ہیں۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ نبیل جاوید کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں شدید سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔

نبیل جاوید نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں کے کنارے جمع ہونے اور سیرو تفریح سے گریز کریں، اور آندھی یا طوفان کے وقت محفوظ مقامات پر رہیں۔ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں