آج کی تاریخ

الخدمت فاؤنڈیشن، این ڈی ایم اے اور حکومت پاکستان کا غزہ کے لیے 31ویں امدادی کھیپ روانہ

لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن نے این ڈی ایم اے اور حکومت پاکستان کے تعاون سے غزہ کے لیے 31ویں امدادی کھیپ روانہ کر دی
الخدمت فاؤنڈیشن نے این ڈی ایم اے اور حکومت پاکستان کی معاونت سے 100 ٹن وزنی 31ویں امدادی کھیپ غزہ کے لیے روانہ کی ہے۔ امدادی سامان پیر کو لاہور ایئرپورٹ سے مصر کی جانب روانہ کیا گیا جہاں سے یہ غزہ پہنچایا جائے گا۔
اس موقع پر نائب صدر الخدمت ایئر مارشل (ر) ریٹائرڈ ارشد ملک، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، سیکریٹری جنرل الخدمت سید وقاص جعفری، ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، ذکر اللہ مجاہد، جنرل سیکریٹری الخدمت ہیلتھ ڈاکٹر عبد الرحمنٰ، این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کے نمائندے موجود تھے جنہوں نے متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ کیا۔
ایئر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے اب تک کل 4,645 ٹن امدادی مواد غزہ بھیج چکی ہے۔ غزہ میں جاری ظلم و بربریت اور خوراک، دواؤں اور طبی سہولیات کی شدید کمی کے پیش نظر یہ امدادی مشن جاری رکھنا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت کا ریڈکریسنٹ کے ساتھ معاہدہ ہے اور سامان کو ٹریکنگ آئی ڈی کے ذریعے مانیٹر کیا جاتا ہے۔ مصر میں الخدمت کا کیمپ آفس فعال ہے جہاں امدادی سامان ذخیرہ نہیں ہوتا بلکہ فوری طور پر ریڈ کریسنٹ کے ذریعے رفاہ بارڈر پہنچایا جاتا ہے اور وہاں سے غزہ کے لیے روانہ کیا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اور این ڈی ایم اے کی غزہ کے عوام کے لیے خدمات اور نظم و ضبط قابلِ تعریف ہیں۔ غزہ کی صورتحال دل دہلا دینے والی ہے اور ہر پاکستانی پر یہ فرض ہے کہ وہ متاثرین کی مدد کرے اور ان کی آواز دنیا بھر میں پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ الخدمت فاؤنڈیشن اور این ڈی ایم اے شفافیت اور موثر انتظامات کے ساتھ ریلیف سامان پہنچا رہے ہیں۔ ہمیں ایسے اداروں پر فخر ہے جو انسانیت کی خدمت خلوص نیت سے کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں ان کی حمایت کرنی چاہیے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنا چاہیے تاکہ امدادی سرگرمیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رہ سکیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں