آج کی تاریخ

شانگلہ اور غذر میں سیلابی تباہی، رابطے منقطع، اسکول و مکانات تباہ

سوات کے ضلع شانگلہ میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلے نے گاؤں شائی درہ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب نے پورے گاؤں کو لپیٹ میں لے لیا، جہاں رہائشی مکانات، بازار اور لڑکیوں کا واحد پرائمری اسکول بھی ملبے کا ڈھیر بن گئے۔
مزید براں، رابطہ سڑک کے تباہ ہونے کے باعث اب تک امدادی سامان متاثرہ علاقے تک نہیں پہنچایا جا سکا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیلاب کو 10 دن گزرنے کے باوجود زاہد آباد کے کئی مکانات اور گلیوں کی صفائی ممکن نہیں ہو سکی، البتہ حکومتی ادارے اور مقامی رضاکار مسلسل صفائی میں مصروف ہیں۔
ادھر گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔ چٹورکھنڈ اور دائن کو ملانے والا پل گرنے سے دو ہفتوں سے مقامی آبادی کا گاہکوچ اور گلگت سے زمینی رابطہ منقطع ہے، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
غذر میں گلیشیئر پھٹنے کے بعد تالی داس، راوشن اور دیگر علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ تاہم، گلگت-شندور روڈ کی بندش کی وجہ سے بالائی علاقوں تک رسائی ممکن نہیں رہی۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق، تالی داس گاؤں کے مکینوں کی بحالی کے لیے متبادل بستی کا قیام واحد حل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ بسانے کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر نیا گاؤں آباد کیا جائے گا، جب کہ دائن-چٹورکھنڈ آر سی سی پل کی تعمیر میں بھی وفاقی تعاون درکار ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں