اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ایک اہم نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بعض جرائم پیشہ عناصر ایف آئی اے کے جعلی نام سے واٹس ایپ پر فرضی ایف آئی آرز ارسال کر کے شہریوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ان جعلی ایف آئی آرز میں شہریوں کو سنگین جرائم جیسے سائبر کرائم اور دہشت گردی میں جھوٹے طور پر ملوث ظاہر کیا جا رہا ہے، تاکہ انہیں ڈرا کر بلیک میل کیا جا سکے۔ ان افراد کی جانب سے فرضی نام اور جعلی شناخت استعمال کر کے خود کو ایف آئی اے کا اہلکار ظاہر کرنے کی کوشش بھی کی جاتی ہے۔
ایف آئی اے نے وضاحت کی ہے کہ ادارہ کسی کو واٹس ایپ یا سوشل میڈیا کے ذریعے اس نوعیت کے پیغامات نہیں بھیجتا، لہٰذا ایسے کسی بھی مشکوک رابطے کو نظر انداز کریں اور فوری طور پر نیشنل سائبر

کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو شکایت درج کروائیں۔
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ذاتی یا مالیاتی کوائف کسی بھی غیر مصدقہ ذریعے سے شیئر نہ کریں۔ مزید رہنمائی کے لیے ایف آئی اے کی ہیلپ لائن 1991 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔