آج کی تاریخ

عمران خان کے بھانجے شیر شاہ خان کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا

تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں شیر شاہ خان کے مقدمے کی سماعت جج منظر علی گل نے کی۔
سماعت کے آغاز پر جج نے میڈیا نمائندگان کو عدالت سے باہر نکالنے کا حکم دیا اور واضح کیا کہ آئندہ کوئی بھی میڈیا نمائندہ موبائل فون کے ساتھ عدالت میں داخل نہ ہو، صرف کاپی اور پینسل ساتھ لانے کی اجازت ہوگی۔
پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ شیر شاہ جائے وقوعہ پر موجود تھا، جہاں اسلحہ کا استعمال بھی کیا گیا۔ ویڈیو شواہد میں بھی اس کی موجودگی دیکھی گئی، جبکہ ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ریکوری ابھی باقی ہے۔ اس بنیاد پر پولیس نے 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
دوسری جانب وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ شیر شاہ کو 27 ماہ بعد گرفتار کیا گیا، یہ گرفتاری غیر قانونی ہے۔ ملزم گزشتہ روز اپنے بھائی کے ساتھ اسی عدالت میں پیش ہوا تھا، اسی دوران گرفتار کیا گیا۔
عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
شیر شاہ کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد کیا گیا ہے، جس کی تفتیش تھانہ سرور روڈ کے تحت جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسی کیس میں علیمہ خان کے بڑے بیٹے شاہ ریز عظیم کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے ان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا تھا، جبکہ استدعا 30 دن کی کی گئی تھی

شیئر کریں

:مزید خبریں