لاہور: پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں مون سون کے آٹھویں اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق 22 اگست کی رات سے مغربی ہوائیں شمالی علاقوں میں داخل ہوں گی اور 23 اگست سے مون سون کا آٹھواں اسپیل شروع ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ 23 سے 27 اگست کے درمیان دریاؤں کے بالائی علاقوں میں شدید طوفانی بارشیں متوقع ہیں، جس کے نتیجے میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج اور ان سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ممکن ہے، جبکہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔
اس اسپیل کے دوران راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں بارشیں متوقع ہیں، جبکہ لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ننکانہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
