آج کی تاریخ

جنگ بندی کے لیے بھارت نے امریکا سے درخواست کی تھی اور مجھے واشنگٹن سے فون آیا تھا، نائب وزیراعظم

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل پر جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی پر عمل جاری ہے، جس کی درخواست بھارت نے امریکا سے کی تھی۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ اس سلسلے میں انہیں امریکا سے فون آیا تھا، اور انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے کبھی جنگ کی خواہش نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کبھی کسی ملک سے یہ نہیں کہا کہ ہمیں بھارت کے ساتھ بٹھایا جائے، البتہ اگر کسی نیوٹرل مقام پر ملاقات کی بات ہوگی تو پاکستان اس کے لیے تیار ہوگا۔ ان کے مطابق بھارت کے ساتھ صرف ایک نکتے پر نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات پر بات ہونی چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے غیرضروری بیانات سامنے آتے رہتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکی وزیرخارجہ کا دورہ پاکستان فی الحال طے شدہ نہیں ہے، تاہم وہ جلد بنگلادیش کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں