لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے دوسرے بیٹے، شیر شاہ خان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق سادہ لباس اہلکاروں نے پولیس کی گاڑیوں کے ہمراہ شیر شاہ خان کی گاڑی روکی اور زبردستی اُسے ساتھ لے گئے۔ اس وقت گاڑی علیمہ خان کے شوہر چلا رہے تھے۔
یاد رہے کہ اس سے ایک روز قبل ہی علیمہ خان کے بڑے بیٹے، شاہ ریز عظیم کو بھی 9 مئی کے واقعات میں مبینہ ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس نے شاہ ریز عظیم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا اور 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی، تاہم عدالت نے 8 روزہ ریمانڈ منظور کیا۔
سماعت کے دوران وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہ ریز کو عدالت میں لانے کے بعد ایک گھنٹے تک قیدیوں کی وین میں بٹھایا گیا ہے، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ اُسے بخشی خانے میں منتقل کیا جائے۔ بعدازاں ڈی ایس پی سیکیورٹی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو بخشی خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
عدالت میں پیشی کے دوران شاہ ریز کی فیملی نے ملاقات کے لیے شور مچایا تو ڈی ایس پی نے ہدایت دی کہ ملزم کو اہلِ خانہ سے ملوایا جائے۔
